دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کے بعد محکمہ آب پاشی اور سیڈا نے دریا ء سے متصل آبادیوں کو بیدخلی کے نوٹس جاری کردیئے

بدھ 21 اگست 2019 20:35

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کے بعد محکمہ آب پاشی اور سیڈا نے دریائے کے پیٹ اور حفاظتی بند سے متصل آبادیوں کو بیدخل کرنے کے نوٹس جاری کردیئے ۔ دریائے سندھ میں سیلاب کی صورتحال کے بعد حیدرآباد میں محکمہ آب پاشی اور سندھ ایری گیشن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سیڈا)نے ان تمام مکینوں کو بیدخلی کے نوٹس جاری کردیئے ہیں جو دریا کے اندر کچے کے علاقہ میں رہائش پذیر اور جو دریا کے بچاؤ بند سے متصل غیر قانونی طور پر آباد ہیں ان نوٹسز کے خلاف حیدرآباد میں سحرش نگر ، حسین آباد اور دیگر علاقوں کے مکینوں سے احتجاجی ریلی نکالی جس نے شہباز بلڈنگ پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے دفاتر کے سامنے دھرنا بھی دیا ریلی حیدرآباد پریس کلب پہنچی یہاں قومی عوامی تحریک کے سربراہ اور جی ڈی اے کے سکریٹری جنرل ایا ز لطیف پلیجو نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ دریائے سندھ سے متصل آبادیوں کو بیدخل نہ کیا جائے اور اگر یہ اتنا ہی ضروری ہے تو پھر انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے خود ان لوگوں کو یہاں بسایا تھا اور اب وہ انہیں بے گھر کرنا چاہتی ہے اس کے پیچھے لینڈ مافیا ہے اور سندھ حکومت میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو زمینوں پر ناجائز قبضہ کرتے اور کراتے ہیں انہوں نے کہاکہ عدالت ہزاروں لوگوں کو بیدخل کرنے کے منصوبہ کا نوٹس لے انہوں نے کہاکہ غریب عوام بیدخلی کا سن کر بے چین ہو گئے ہیں ان کے پاس سر چھپانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے انہوں نے کہاکہ عوام سے گھر چھیننا پیپلز پارٹی حکومت کا ایجنڈا ہے جس کو ہم عوامی طاقت سے ناکام بنادیں گے انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کے تمام محکمے ناکام ہیں واسا لوگوں کو صاف پانی فرام کررہا ہے نہ نکاسی آب کا مناسب نظام ہے بلدیات ناکام ہے جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اس کی نشانی ہے انہوں نے کہاکہ ایک ناکام اور بیڈ گورننس رکھنے والی حکومت اب مزید لوگوں کو پریشان کرنے کے لیے انہیں مکانوں سے بیدخل کررہے ہیں جس کا عدلیہ کو فوری نوٹس لینا چاہیئے -/م ش ش

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں