صحافی عزیز میمن کے قتل کے خلاف حیدرآباد سمیت سندھ بھر کے صحافی سراپا احتجاج بن گئے

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے صحافی عزیز میمن کے قتل کا از خود نوٹس لینے کی اپیل

پیر 17 فروری 2020 23:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2020ء) مہراب پور کے صحافی عزیز میمن کے قتل کے خلاف حیدرآباد سمیت سندھ بھر کے صحافی سراپا احتجاج بن گئے، عزیز میمن کے قتل کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے اپیل کی گئی کہ صحافی عزیز میمن کے قتل کا از خود نوٹس لیا جائے، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد پریس کلب کے سامنے حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں دیگر صحافی تنظیموں کے عہدیداران اور اراکین سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرے کے شرکا نے صحافی عزیز میمن کے قتل کیخلاف نعرے بازی کی اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، احتجاجی مظاہرے سے پی ایف یو جے کے مرکزی رہنماں خالد کھوکھر، حامد شیخ، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے رہنماں اقبال ملاح اور حمید الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہراب پور کے صحافی عزیز میمن کا بہیمانہ قتل کھلی دہشت گردی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سندھ کو صحافیوں کے لئے مقتل گاہ بنادیا گیا ہے اور عزیز میمن کا قتل بھی صحافیوں کی آواز کو دبانے کی ایک سازش ہے، مقررین کا کہنا تھا کہ مقتول صحافی کا وڈیو بیان بھی منظر عام پر آچکا ہے جس میں وہ قتل کی دھمکیوں کے بارے میں بتا چکا تھا لیکن اس کے باوجود اسے تحفظ فراہم نہیں کیا گیا، صحافی رہنماں نے مطالبہ کیا کہ عزیز میمن کے وڈیو بیان کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا جائے، صحافی رہنماں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ عزیز میمن کے قتل کا از خود نوٹس لیں، علاوہ ازیں حیدرآباد پریس کلب میں صدر لالہ رحمان سموں کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کہا گیا کہ صحافی عزیز میمن کے قتل پر خیرپور اور نوشہروفیروز کے درمیان حدود کے تنازعہ کو جواز بنا کر تحقیقات کا شروع نہ کرنا باعث تشویش اور افسوسناک امر ہے اس لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافی عزیز میمن کے قتل کی غیر جانبدارانہ انکوائری کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی جائے، اجلاس میں کہا گیا کہ عزیز میمن کے سوئم کے موقع پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا، اجلاس میں سندھ بھر کے صحافیوں سے اپیل کی گئی کہ منگل کے روز سندھ بھر کے صحافی اپنے اپنے علاقوں میں عزیز میمن کے قتل کیخلاف بھرپور احتجاج کریں ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں