شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے عرس مبارک کی سالانہ تقریبات کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے بہتر ین انتظامات کو یقینی بنائیں، صوبائی وزیر سید سردار شاہ

پیر 15 اکتوبر 2018 23:05

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت اور تعلیم سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ یہ سندھ کی خوش نصیبی ہے کہ یہاں حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائیؒاور قلندر لعل شہباز جیسی عظیم ہستیاں ہیں جن سے لوگ مسلسل فیض یاب ہوتے چلے آ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے عرس مبارک کے سالانہ تقریبات کو انکے شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے افسران اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے کام کریں تاکہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے وہ شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں24اکتوبر سے شروع ہونے والے حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی ؒکے سہ روزہ عرس تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اجلاس میں سیکریٹری محکمہ ثقافت سندھ اکبر لغاری ، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ،درگاہ حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی ؒ کے سجادہ نشیں سید وقار شاہ لطیفی ،نازن سائیں سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ثقافت نے اجلاس میں متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ پہلے سے مزید بہتر سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ میلے کے دوران کسی بھی قسم کے نا خوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔انہوں نے میلے کے دورا ن جوا ، منشیات اور فحاشی جیسی سرگرمیوں کے مکمل خاتمے کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو میلے کے دوران شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے، زائرین ،متعلقہ محکموں کے افسران و عملے اور مختلف تقریبات میں حصہ لینے والے فنکاروں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی بھی ہدایت کی اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے درگاہ کے اندر اور باہر دیگر مقامات پر بڑی تعداد میں ایمبولینسز کی دستیابی کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے محکمہ آبپاشی کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ کرار جھیل کو فوری طور پر پانی سے بھریں اس کے علاوہ متعلقہ افسران زائرین کیلئے پینے کے صاف پانی کی سبیلوں میں عرس کے تینوں دن 24گھنٹے پانی فراہم کریں انہوں نے متعلقہ افسران کو بھٹ شاہ میں نکاسی آب کی لائینوں کی فوری صفائی، درگاہ پر چراغاں کرنے اور محکمہ روڈز کے متعلقہ افسران کو سڑکوں کی مرمت کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

صوبائی وزیر نے محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ میلے کے دوران لگائی جانے والی مویشی نمائش میں نایاب اور اعلیٰ نسل کے جانور لائے جائیں انہوں نے متعلقہ حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ وہ میلے کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے گریز کریں اور کسی بھی خرابی کی صورت میں اسٹینڈ بائی جنریٹر اور ایک عارضی ٹرانسفارمر کا بھی انتظام کریں صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر انفارمیشن حیدرآباد کو ہدایت کی کہ وہ میلے کے دوران مختلف تقریبات اور کھیلوں سمیت دیگر ثقافتی سرگرمیوں کومیڈیا میں اجاگر کرنے کیلئے مناسب میڈیا پلان ترتیب دیں انہوں نے اجلاس میں موجود تمام متعلقہ افسران کو تنبیہ کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں بصورت دیگر فرائض میں کوتاہی برتنے پر انکے خلاف کاروائی کی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ بھٹ شاہ کا میلہ ہم سب کا میلہ ہے اور ہمیں اس کی اونر شپ لینی ہوگی کیونکہ یہیں سے ہمیں علمی فیض حاصل ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میلے کے تینوں دن وہ خود وہاں موجود ہونگے جبکہ ہر سال کی طرح میلے کے آخری روز وزیر اعلیٰ سندھ بھی بھٹ شاہ آئیں گے۔ اجلاس میں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ میلے کے دوران گاڑیوں کی پارکنگ بہتر انتظامات کریں اور اس ضمن میں سرکاری گاڑیوں کیلئے اسٹیکرز دیے جائیں ۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد میلے کے انتظامات کو حتمی شکل دیں اورجہاں کہیں انہیں مسائل کا سامنا ہے سے متعلق انہیں فوری طور پر آگاہ کیا جائے اجلاس میں سیکریٹری ثقافت سندھ اکبر لغاری نے بھی متعلقہ پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ درگاہ کے اندر اور باہر واک تھرو گیٹس پر چاک و چوبند پولیس کے جوانوں کو تعینات کیا جائے تاکہ وہ بہتر طریقے سے درگاہ میں آنے والے افراد کی چیکنگ کر سکیں اجلاس میں آئندہ سال بھٹ شاہ میلے کے انتظامات کیلئے تین ماہ قبل اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا اجلاس میں میلے دوران سیکیورٹی انتظامات سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے ایس ایس پی مٹیاری سید زاہد شاہ نے بتایا کہ میلے کے دوران بھٹ شاہ کو مختلف زون میں سیکیورٹی کے لحاظ سے تقسیم کیا گیا ہے جبکہ درگاہ کے اندرونی اور بیرونی مقامات پر بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ سادہ لباس میں بھی اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور اس کے علاوہ سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائیگی اس کے علاوہ بھٹ شاہ اور درگاہ کے اطراف اور بھٹ شاہ سے قریب نیشنل ہائی وے پر بھی پولیس کے گشت کو یقینی بنایا جائیگا ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں