جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت لطیف آباد نمبر8اور پھلیلی پریٹ آباد میں مہنگائی ، سوئی گیس ، بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج

اتوار 24 جنوری 2021 21:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2021ء) جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت لطیف آباد نمبر8اور پھلیلی پریٹ آباد میں مہنگائی ، سوئی گیس ، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کی عدم نکاسی کے خلاف امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر نائب امیر عبدالقیوم شیخ، امیر زون اے لطیف آباد قاری ارشد ہاشمی ، پھلیلی زون کے امیر عدنان دانش موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کو حل کرنا حکومت وقت کی پہلی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ حکومت عوامی مسائل کے حل پر کام کرنے کے بجائے دیگر معاملات میں مصروف ہے اور عوام دو دو وقت کی روٹی اور چھوٹی چھوٹی ضروریات زندگی کے حصول کے لیے بلبلا رہے ہیں، حکومت سیاسی بیان بازی کے بجائے صحیح معنوں میں عوامی مسائل کو حل کرے، عوام ماہانہ بنیادوں پر گیس کا بِل جمع کرواتے ہیں اس کے باوجود سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں، انہوں نے کہا کہ سردی کی آمد کے ساتھ ہی گزشتہ کئی برسوں سے ایک طرف سوئی گیس کی بندش ہوتی ہے تو دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے مالی مشکلات کا سبب بنتا ہے، مہنگائی کے باعث پہلے ہی غریب لوگوں کا برا حال ہے اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہوٹلوں سے کھانے کی اشیاء مہنگے داموں خریدنے کی سکت عوام میں نہیں ہے شہری ہوٹلو ں سے کھانا لینے پر مجبور ہیں، انتخابات سے قبل اوربعدمیں حکومت نے بلندبانگ دعوے کیے تھے لیکن عملاًاس کے الٹ کیاجارہاہے، نائب امیر جماعت اسلامی حیدرآباد عبدالقیوم شیخ نے کہا کہ شہر بھر کی مین شاہراہ اسٹیشن روڈ،کلاتھ مارکیٹ روڈ، پھلیلی چوک اور دیگر علاقوںمیں سیوریج کا گندہ پانی جمع ہے، انتظامیہ غفلت کی نیند سو رہی ہے، نکاسی آب اور صفائی نہ ہونے پر صورتحال مزیدگھمبیر بنادی ہے۔

(جاری ہے)

بھاری بھرکم فنڈ ہونے کے باوجودبلدیہ کی کارکردگی صفرہے شہر اور لطیف آبادمیں سیوریج اور صفائی کی ابترصورت حال کاشکارہیں ،شہرکی متعددمعروف شاہراہیں سیوریج کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیںجگہ جگہ گندگی اور کچرے کے ڈھیر نے سڑکوں کوگھیرے ہوئے ہے سڑکیں خستہ حال ہیں مین ہول سے ڈھکن غائب ہیں، ضلعی امیر نے مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن گیس انتظامیہ گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرے، حکومت مہنگائی کی روک تھام کے لیے اقدامات کر ے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں