محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکورٹی، صفائی ستھرائی کے حوالے سے کانٹیجینسی پلان جلد از جلد مکمل کئے جائیں، کمشنر حیدرآباد

مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے علماء کرام اور مذہبی رہنما ؤں سے قریبی رابطے میں رہیں، تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایات جاری

جمعرات 29 جولائی 2021 23:29

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی سیکورٹی، صفائی ستھرائی ،سڑکوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کے حوالے سے کانٹیجینسی پلان جلد از جلد مکمل کئے جائیں اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے علماء کرام اور مذہبی رہنما ؤں سے قریبی رابطے میں رہیں، محرم الحرام کے دنوں میںنیشنل کمانڈ آپریشنل سینٹر کی جانب سے کووڈ 19 کے حوالے سے جو بھی گائیڈ لائن جاری کی جائیں گی اس پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد شرجیل کھرل ، ایڈیشنل کمشنر طاہر علی میمن ، ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد ،میونسپل کمشنر حیدرآباد ، منیجنگ ڈائریکٹر واسا سمیت لوکل گورنمنٹ ، حیسکو ، پاکستان رینجرزو دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ حیدرآباد ڈویژن کے دیگر تمام ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیزنے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز ، ایس ایس پیز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران تمام مطلوبہ انتظامات کو قبل از وقت مکمل کرنے کو یقینی بنائیں اور اس ضمن میں ڈسٹرکٹ انٹیلیجینس کمیٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں، علماء اکرام و دیگر کے ساتھ اجلاس منعقد کریں جبکہ علاقہ امن کمیٹیوںکو مکمل فعال بنائیں اور کنٹرول رومز قائم کریںاور باہمی رابطے کو مزید مستحکم بنائیں، انہوں نے کہا کہ اس بار محرم الحرام کے دوران کوویڈ 19 کے خطرات کے ساتھ ساتھ مون سون کی بارشیں بھی متوقع ہیں لہٰذا ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ محرم الحرام کے دوران عوام کو کرو ناایس او پیز پر عمل کرنے اور ویکسینیشن کو یقینی بنانے کیلئے علماء اکرام سے اپیل کریں کہ وہ عوام کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمدکرنے اور ویکسینیشن کروانے کی ترغیب دیں۔ ڈویزنل کمشنرحیدرآباد نے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اور قانون پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائے اورحساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمراز نصب کیے جائیں اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے ، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، انٹلیجنس نیٹ ورک کو بڑھایا جائے جبکہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مدد سے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا جائے گا۔

انہوں نے واسا حیدرآباد ، میونسپل کارپوریشن اور لوکل گورنمنٹ کے اداروں کو ہدایات دیں کہ وہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات اور گزرگاہوں، امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی اور مناسب روشنی کے انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ عزاداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے حیسکو حکام کو ہدایت کی کہ حیسکو اپنے آپریشنل مسائل پر جلد از جلد قابو پانے کی کوشش کریں اور محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس اور بالخصوص رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے گریز کرے جبکہ جہاں نظام میں مرمت کی ضرورت ہووہاں جلد از جلد اسے پورا کیا جائے۔

اجلا س میں ڈی آئی جی حیدرآبادشرجیل کھرل نے مجموعی طور پر حیدرآباد ڈویزن کے سیکیورٹی انتظامات پربریفنگ دیتے ہوئے تمام ایس ایس پیز کو ہدایات دی کہ وہ اپنے اضلاع میں ایک سیکیورٹی پلان فائنل کریں، انٹیلیجنس نیٹ ورک کو بڑھائیں اور جہاںسی سی ٹی وی کیمرازغیر فعال ہیں انہیں انتظامیہ کی مدد سے فعال کیا جائے، انہوں نے ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ جن پوسٹوں پر افسران کی پوسٹنگ نہیں ہے وہاں افسران کی پوسٹنگ کی جائے تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر حیدرآباد ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے متعلقہ اضلاع کے کانٹی جینسی پلان اور مسائل سے اجلاس کو آگاہ کیااور ایس ایس پیزنے اپنے متعلقہ اضلاع سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پربریفنگ دی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں