50 کروڑ کی لاگت سے حیدرآباد کے 50 ہزار طالبعلموں کو آئی ٹی کورس کرانے جا رہے ہیں، ویب سائٹ آج رات تک لانچ کردی جائیگی، گورنر سندھ

جمعرات 28 مارچ 2024 20:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری نے کہاہے کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے جدید تعلیم کا حصول ناگزیر ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نوجوانوں کو گورنر ہائوس کراچی میں آئی ٹی کورس شروع کرانے کے بعد اب حیدرآباد میں بھی پہلے مرحلے میں ٹیسٹ کے بعد 50 ہزار طالبعلموں کو آئی ٹی کورس کرانے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں اس کی ویب سائٹ آج رات تک لانچ کردی جائیگی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ 50 کروڑ کی لاگت سے یہ پروگرام شروع کیا جا رہاہے جس میں سے ایک روپیہ بھی حکومت کا نہیں ہوگا بلکہ ہمیں ڈونرز میسر آگئے ہیں اور اس کے علاوہ آئی ٹی ایکسپرٹس کی ٹیم بھی ہمارے پاس موجود ہے جوکہ جذبے کے ساتھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورس کراکر انہیں ان کے پیروں پر کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے آج حیدرآباد پریس کلب میں آئی ٹی پروگرام سے متعلق میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے بتایا کہ آج رات سے اس پروگرام کی ویب سائٹ کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کیلئے جگہ کا تعین عنقریب کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی یونیورسٹی میں بنیادی کورس سے لیکر آرٹیفیشل انٹلیجنس کا کورس بھی کرایا جائے گا- انہوں نے مزید کہا کہ کورس کرنے کے بعدنوجوان لاکھوں روپے تک کمانے کے اہل ہوسکیں گے۔

گورنرسندھ نے کہا کہ اس پروگرام کا دائرہ کار سندھ کے مزید 6 اضلاع تک بڑھایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں سے صرف نعرے لگوائے گئے ہیں اور انہیں دھوکہ دیا گیا ہے جبکہ ہم نے نوجوانوں کی مایوسی اور نا امیدی ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں جس کا ثبوت گورنر ہاﺅس کراچی میں 50 ہزار طالبعلموں کو آئی ٹی کورس کرانا ہے۔ کچے کے ڈاکوﺅں کے متعلق ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ غربت جرائم کو جنم دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد نے ہمیشہ محبت دی ہے اس لیے کراچی کے بعد حیدرآباد میں آئی ٹی پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پروگرام کے تحت دو ماہ کے دوران ٹیسٹ کا سلسلہ شروع ہوجائے گا اور مایوس نوجوانوں کیلئے یہ پروگرام ایک امید کی کرن ہے جو کہ ملک کی معیشت کیلئے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ اس موقع پر گورنر انیشیٹیو پروگرام کے ضیااللہ، حیدرآباد کے قومی و صوبائی اسمبلی کے منتخب اراکین، آئی ٹی پروگرام کے ایکسپرٹس، ڈائریکٹرجنرل پبلک ریلیشنز سندھ سلیم خان ودیگر بھی موجود تھے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں