ٰحیدرآباد، کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کا ملک بھر میں گندم کے حالیہ بحران پر سخت تشویش کا اظہار

اتوار 28 اپریل 2024 21:20

۔حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2024ء) کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل اور پاپولر لیفٹ الائنس کے کنوینر کامریڈ امداد قاضی نے ملک بھر میں گندم کے حالیہ بحران پر سخت تشویش اور احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالدار اشرافیہ پر مشتمل طبقے کے حکمرانوں ، کرپٹ افسرشاہی اور کاروباری مافیہ کی ملی بھگت کی وجہ سے ملک کے مجموعی معاشی حالات سری لنکا کے حالات سے بھی بدتر ہو چکے ہیں ۔

ملک عملی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہے ، عوام سے حقائق چھپائے جا رہے ہیں جبکہ حکومت ہر 15دن کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مختلف قسم کے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ اضافی ٹیکسز لگا کر ریاستی کاروبار اور اپنی مالی مراعات پورے کر رہی ہے ۔ امداد قاضی نے کہا کہ حکمران اپنے اخراجات ، مالی مراعات اور مفت سہولیات ختم کرنے کے بجائے صرف اور صرف آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر مالیاتی اداروں اور غیر ملکی حکومتوں اور کمپنیوں کی طرف دیکھ رہے ہیں ،اپنے ملک کے انتہائی اہم ، حساس ، قیمتی اور ضروری اثاثے کوڑیوں کے مول غیروں کے حوالے کر رہے ہیں ، جس کے انتہائی بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

امداد قاضی نے مزید کہا کہ جب تک ملک کے سیاسی حالات کو صحیح ، صحت مند ، عوام دوست رخ میں تبدیل کرنے کا راستہ اختیار نہیں کیا جائے گا ، جب تک وفاق میں شامل تمام قومی وحدتوں اور ملحقہ ریاستوں کا حق حکمرانی تسلیم کرکے ، اکثریتی عوام کا اعتماد حاصل نہیں کیا جائے گا تب تک ملک کے حالات بہتر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ امداد قاضی نے کہا کہ ملک بھر میں جس قسم کی وسیع پیمانے پر بنیادی عوام دوست انقلابی اصلاحات کی ضرورت ہے ، وہ اصلاحات صرف اور صرف نظریاتی انقلابی سیاسی قیادت کی رہنمائی میں عوام کے بھرپور عملی شرکت سے ہی ممکن ہو سکتی ہیں ،اس لیئے نااہل ، کرپٹ ، مفاد پرست کاروباری قیادت سے بہتری کی امید رکھنا اپنے آپ کو دھوکہ دینے کے مترادف ہوگا ۔

امداد قاضی نے ملک بھر کے نوجوانوں ، طالب علموں ، مزدوروں ، ملازمین ، خواتین ، ہاریوں ، کاشتکاروں ، دانشوروں ، صحافیوں ، وکلا برادری ، پڑھے لکھے باشعور اور باضمیر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ فرسودہ اور استحصالی نظام کے مجاور مافیاز اور بار بار آزمائے ہوئے حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیئے مشترکہ مسائل پر متحد ہو کر جدوجہد کرنے کا راستہ اختیار کریں تاکہ اپنی قسمت کے فیصلے خود کیئے جا سکیں اور عوام دوست انقلابی نظام قائم کرنے کا راستہ ہموار کیا جا سکے ۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں