حویلیاں میں سی پیک کے روٹ پر ڈرائی پورٹ کی تعمیر کا باضابطہ کام رواں سال شروع ہو جائے گا،

منصوبے کی فزیبیلٹی رپورٹ تیار، چین مالی اور تکنیکی تعاون فراہم کرنے پر رضامند

بدھ 19 دسمبر 2018 13:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) خیبرپختونخوا کے علاقے حویلیاں میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے روٹ پر ڈرائی پورٹ منصوبے پر باضابطہ کام رواں سال شروع ہوجائے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈرائی پورٹ کے قیام کے لئے منصوبے کے قابل عمل ہونے کی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے اور چین نے ڈرائی پورٹ کی تعمیر کے لئے مالی اور تکنیکی تعاون فراہم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ پر کنٹینرائیزڈ کارگو کی طلب کے تناظر میں حویلیاں ڈرائی پورٹ کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ منصوبہ کے تحت ضلع ہری پور میں حویلیاں کے مقام پر بنائی جانے والی خشگ گودی میں کارگو ہینڈلنگ کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس گودی کو ریلوے سے منسلک کردیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس وقت حویلیاں تک پاکستان ریلوے کی پٹڑی موجود ہے، یہ مقام خنجراب میں پاک چین سرحد سے تقریباً 680کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس گودی میں بڑی مقدار میں اشیاء سٹاک کرنے کی جدید سہولیات میسر ہوں گی جبکہ درآمدی وبرآمدی مال کی کنٹینروں سے اترائی اور انہیں دوبارہ لادنے کے لئے خصوصی ڈاک ٹرمینلز بنائے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر حویلیاں ڈرائی پورٹ شاہراہ قراقرم پر خشک گودی اورکارگو ٹرمینل کے طور پر کام کریں گی جس کے بعد اسے ریلوے کے جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا جن میں ریلوے کارگو کی لوڈنگ اوران لوڈنگ کی جدید سہولیات شامل ہوں گی۔

ایک اندازے کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً 40 ملین ڈالر کی لاگت آئے گی اور اس کے ذریعے ابتداء میں سالانہ دو ملین ٹن کارگو کی نقل وحمل ممکن ہوسکے گی جس میں بعد میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس منصوبہ میں وزارت ریلوے کا کلیدی کردارہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت حویلیاں سے خنجراب تک ریلوے لائن بچھانے کے لئے فزیبیلٹی سٹڈی کی مد میں فنڈز مختص کئے جاچکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں