پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان تجارت کے حجم میں 23.55 فیصد اضافہ

جمعرات 23 ستمبر 2021 14:04

پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان  تجارت کے حجم میں 23.55 فیصد اضافہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2021ء) پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23.55 فیصد  اضافہ ہواہے۔ مالی سال کے پہلے دوماہ میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 115.86 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاہے۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دومہینوں میں بنگلہ دیش کوبرآمدات سے ملک کو106.14 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23.61 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بنگلہ دیش کوپاکستانی برآمدات کا حجم 85.96 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اگست 2021 میں بنگلہ دیش کوپاکستانی برآمدات کا حجم 55.38 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال اگست کے 37.57 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 47.40 فیصدزیادہ ہے۔

(جاری ہے)

مالی سال 2021 میں بنگلہ دیش کو برآمدات سے ملک کو616.02 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں بنگلہ دیش سے درآمدات پر9.72 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.47 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بنگلہ دیش سے 7.81 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ مالی سال 2021 میں بنگلہ دیش سے درآمدات کاکل حجم 76.13 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں