حکومت نے معیشت کے لیے سخت فیصلے کیے ہیں اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ،وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 26 جون 2022 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2022ء) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے معیشت کے لیے سخت فیصلے کیے ہیں اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ہفتہ کوایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے متعلق معاملہ چند دنوں میں حل ہو جائے گا جس سے ملک کو درست سمت پر لانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف کی سطح کا معاہدہ بھی اگلے ہفتے متوقع ہے اور حکومت نے بین الاقوامی قرض دہندہ سے اپنے قرض کو 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر 8 ارب ڈالر کرنے اور مدت میں 4 سال تک توسیع کی درخواست بھی کی ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے کاکہا، یہ بھی کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو کم نرخوں پر پیٹرول فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایک وسیع پیمانے پر غلط تاثر ہے کہ ٹیکسوں سے مہنگائی بڑھتی ہے، یہ بھی کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ غریب لوگ مہنگائی سے متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنے بچوں کی کمپنیوں پر بھی ٹیکس عائد کیا اور بطور وزیر خزانہ وہ خود بھی ٹیکس جمع کرانے کے اسی عمل سے گزر رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت توانائی اور پٹرولیم مصنوعات کی کھپت پر اپنے اخراجات کو کم کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے۔مزید برآں توانائی اور پٹرولیم مصنوعات سے متعلق متعلقہ پالیسی کو جلد نافذ کیا جائے گا۔انہوں نے یہ عزم بھی کیا کہ اگر عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو انہیں کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں