اوپن یونیورسٹی حکومت کو سائنس ،ْ ٹیکنالوجی ،ْ انجینئرنگ اینڈ میتھ سکولز پراجکیٹ میں تعلیمی سپورٹ فراہم کرے گی،پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم

جمعہ 23 اگست 2019 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی علاقائی دفاتر کے ملک گیر نیٹ ورک کے ذریعے حکومت کو سائنس ،ْ ٹیکنالوجی ،ْ انجینئرنگ اینڈ میتھ سکولز پراجکیٹ میں تعلیمی سپورٹ فراہم کرے گی۔ یہ اعلان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے پاک میتھیمیٹکل سوسائٹی کے تعاون سے 20ویں تین روزہ ’’بین الاقوامی پیور میتھ کانفرنس‘‘ کی افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین افتتاحی اجلاس کے مہمان خصوصی تھے۔ وفاقی وزیر نے ملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کی تمام چیزوں کی بنیاد ریاضی کے اوپر ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری فواد حسین نے مزید کہا کہ ریاضی کے علوم میں ترقی کئے بغیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے موجودہ تیز رفتار دور میں ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سے سائنس کے فروغ کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات تفصیل سے بیان کئے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی کرتے ہوئے کہا کہ ہم 2022ء میں اس قابل ہوں گے کہ اپنا پہلا شخص خلاء میں بھیج سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چاند دیکھنے کی پاکستان کی پہلی سرکاری ویب سائٹ بنائی ہے اور ہجری کیلنڈر تیار کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نئی نئی ایجادات کی طرف بڑھ رہے ہیں ،ْ اس کیلئے ہمیں تعلیمی اداروں بالخصوص جامعات کی تعلیمی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نئی ایجادات کیلئے یونیورسٹیوں کو کمرشل سرگرمیوں میں حصہ ڈالنے کی اجازت ملنی چاہئے۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ ریاضی کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کی شرکت شعبہ سائنس سے اُن کی وابستگی و دلچسپی ظاہر کرتی ہے۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ کانفرنس میں قومی و بین الاقوامی ریاضی دانوں کے مقالوں ،ْ نظریات و خیالات سے پاکستانی طلباء مستفید ہوں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ علوم ریاضی کو فروغ دینے کیلئے ملک و غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ پاک میتھیمیٹکل سوسائٹی کے پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے ملک میں ریاضی کے فروغ کیلئے سوسائٹی کی خدمات تفصیل سے بیان کئے۔ طلباء و طالبات نے کانفرنس میں غیر معمولی دلچسپی لی اور کانفرنس کو خوش آئند قرار دیا۔ افتتاحی سیشن کے اختتام پر وائس چانسلر نے مہمانان گرامی میں شیلڈز تقسیم کیں اور شعبہ ریاضی کے منتظمین کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں