دہشت گردی نے دیمک کی طرح پاکستان کی ثقافت، قومی ورثہ اور فلمی صنعت کو نقصان پہنچایا، موجودہ حکومت نے ساڑھے چار سال کے دوران سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے تحت کامیاب اور موثر حکمت عملی کے ذریعے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے‘

مسلح افواج اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میںبہت قربانیاں دیں، ابھی سفر جاری ہے‘ پاکستانی عوام نے تاثر کی جنگ میں بھی کامیابی حاصل کرنی ہے امن و امان کی بہتر صورتحال پر پاکستان میں بین الاقوامی میچز اور بین الاقوامی فیسٹیول سمیت دیگر عالمی سطح کی سرگرمیاں بھی بحال ہوچکی ہیں، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے فلمی صنعت کی بحالی کے لئے مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا جس کا مقصد ملک میں فلمی صنعت کی بحالی ہے‘عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے لئے فلم بہترین کردار ادا کرسکتی ہے، پاکستان میں فلم ڈائریکٹوریٹ کے قیام پر بھی کام کیا جارہا ہے وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی وادبی ورثہ مریم اورنگزیب کا ایرانی فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 11 دسمبر 2017 21:44

دہشت گردی نے دیمک کی طرح پاکستان کی ثقافت، قومی ورثہ اور فلمی صنعت کو نقصان پہنچایا، موجودہ حکومت نے ساڑھے چار سال کے دوران سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے تحت کامیاب اور موثر حکمت عملی کے ذریعے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے‘
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی وادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گذشتہ30,35سالوں میں دہشت گردی کے موذی مرض نے دیمک کی طرح پاکستان کی ثقافت، قومی ورثہ اور فلمی صنعت کو نقصان پہنچایا، موجودہ حکومت نے ساڑھے چار سال کے دوران سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے تحت کامیاب اور موثر حکمت عملی کے ذریعے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے‘ مسلح افواج اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میںبہت قربانیاں دیں، ابھی سفر جاری ہے‘ پاکستانی عوام نے تاثر کی جنگ میں بھی کامیابی حاصل کرنی ہے، امن و امان کی بہتر صورتحال پر پاکستان میں بین الاقوامی میچز اور بین الاقوامی فیسٹیول سمیت دیگر عالمی سطح کی سرگرمیاں بھی بحال ہوچکی ہیں، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے فلمی صنعت کی بحالی کے لئے مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ملک میں فلمی صنعت کی بحالی ہے‘عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے لئے فلم بہترین کردار ادا کرسکتی ہے، پاکستان میں فلم ڈائریکٹوریٹ کے قیام پر بھی کام کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے ) اور ایرانی سفارتخانے کے کلچرل ونگ کے اشتراک سے سات روزہ ایرانی فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہیں تھیں ۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کے ہمراہ شمعیں روشن کر کے اور کیک کاٹ کر فلم فیسیٹول کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیسٹیول منعقد کرنے پر ایرانی سفارتخانے کے مشکور ہیں‘ ایرانی فلم فیسٹیول پی این سی اے اور لوک ورثہ میں ہوگا۔

انہوں نے ڈی جی پی این سی اے کو ہدایت کی کہ اس طرح کی دوست ممالک کی ثقافتی سرگرمیوں اور فلم فیسٹیول جیسی تقاریب میں کم سے کم دو دن جڑواں شہروں کے سکولز ‘کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کے لئے مخصوص کئے جائیں تاکہ ہماری 65فیصد یوتھ بھی دوست ممالک کی ثقافت سے روشناس ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ بہت ہی کم وقت میں ایرانی سینما مقبولیت حاصل کرتے ہوئے آسکر وننگ سینما بن چکا ہے، دراصل ایرانی سینما میں ثقافتی عکس اور خاندانی اقدار کو نمایاں طور پر دکھایاجا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 60 اور 70 کی دہائی میں پاکستان کی فلمی صنعت دنیا کی بڑی فلمی صنعتوں میں شمار ہوتی تھی لیکن گذشتہ کئی دہائیوں کے دوران ہونے والی دہشت گردی نے ثقافت ‘فلم اور قومی ورثہ کو تباہ کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے تحت حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو موثر بناتے ہوئے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ‘اب ملک میں دہشت گردی کے واقعات کافی حد تک کم ہوگئے ہیں اور بین الاقوامی سرگرمیاں بھی مرحلہ وار بحال ہورہیں ہیں ‘پاکستان کے اندر بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں اور فٹ بال کھلاڑیوں کی آمد کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی فیسٹیول منعقد ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے فلمی صنعت کے لئے جس پیکج کا اعلان کیا تھا اس میں فلم بنانے کے لیے ٹیکس چھوٹ سمیت دیگر مراعات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلمی صنعت کی بحالی کیلئے وزارت اطلاعات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ایران کا فلم فیسٹیول پاکستان میں منعقد ہورہا ہے اسی طرح ایران می بھی پاکستانی فلموں کا فیسیٹول ہونا چاہیے ۔

اس موقع پر ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایرانی فلم فیسٹیول کا پاکستان میں آغاز باعث اعزاز ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایرانی فلموں کی ترویج اصل میں ہمارے اقدار کا تحفظ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے ‘فلم فیسٹیول سے ایران کی ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے جمال شاہ نے کہا کہ ایران فلم فیسٹیول سات روز جاری رہے گا ‘پہلے دو دن پی این سی میں ایران کی فلمیں دکھائی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ ایران دنیا میں فلم بنانے والے اہم ممالک میں سے ایک ملک بن چکا ہے ‘ایرانی فلموں کا مرکزی خیال معاشرے کو منشیات ‘بدعنوانی اور سماجی برائیوں سے بچانا ہے ‘ان فلموں کا ایرانی معاشرے پر مثبت اثر پڑ رہا ہے ۔پاکستانی فلم صنعت میں ڈائریکٹر اور پرڈیوسٹراعجاز گل نے کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان میں اپنی فلموں کو لانا ایک اچھا موقع ہے ‘اس سے دونوں ممالک کے مابین ثفاقتی تبادلے مزید موثر اور بامعنی ہونگے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں