ہمارے خلاف ایک کے بعد دوسرا ریفرنس دائر کردیا جاتا ہے،

کسی میں ڈکٹیٹر کو وطن واپس لانے کی جرات نہیں ،نواز شریف

منگل 23 جنوری 2018 15:16

ہمارے خلاف ایک کے بعد دوسرا ریفرنس دائر کردیا جاتا ہے،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف ایک ریفرنس کے بعد دوسرا ریفرنس دائر کردیا جاتا ہے، کسی میں جرات نہیں کہ وہ ڈکٹیٹر کو وطن واپس لے آئے، اسپتالوں کا دورہ کرنے والے وہاں ضرور جائیں مگر اپنے گھر کی خبر بھی لیں،نیب کے پاس کوئی شواہد نہیں، عدالتی فیصلے سے ملکی ترقی رک گئی،فیس سیونگ کیلئے احتساب عدالت سے سزا دلوائی جا رہی ہے، واٹس اپ کال سے لیکر اب تک انصاف نہیں کیا جا رہا،، عوام نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو ابھی تک قبول نہیں کیا، کوئی کرپشن ، سرکاری عہدے کا ناجائز استعمال یا اپنے منصب کا غلط استعمال نہیں کیا۔

منگل کو سابق وزیراعظم نوازشریف نے نیب کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن سے بات چیت کے دوران کہا کہ جو ضمنی ریفرنس لائے جارہے ہیں ان کا مقصد کیا ہے، معاملہ جب ختم ہونے کی طرف جارہا ہے تو اسے کیوں لٹکایا جا رہا ہے، نیب والے قومی خزانے کو خرچ کرکے باہر جاتے ہیں اور سیر سپاٹا کرکے واپس آ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا جب ثبو ت نہیں ملتا تو معاملے کو ختم کردینا چاہیئے، ایک ریفرنس کے بعد دوسرا ریفرنس دائر کر دیا جاتا ہے، آئئندہ ریفرنس میرے اور شہباز شریف کے خلاف دائر کئے جا رہے ہیں، سڑک بنانے پر شاباش ملنی چاہیئے ، یہ پوچھتے ہیں سٹرک کیوں بنائی۔

نوازشریف نے کہا ساری قوم جانتی ہے کہ یہ سب کیا ہو رہا ہے، عوام نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو ابھی تک قبول نہیں کیا، پوری قوم اس فیصلے کو مسترد کر چکی ہے،پہلے دن سے پتہ تھا کہ اس کیس میں کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کوئی کرپشن ، سرکاری عہدے کا ناجائز استعمال یا اپنے منصب کا غلط استعمال نہیں کیا،آئی ایم ایف نے ڈیووس میں کل رپورٹ پیش کی کہ پاکستان معاشی ہمسایہ ملکوں سے آگے ہے، جب وزیراعظم تھا تو سٹاک ایکسچینج میں 19ہزار سے 53ہزار تک مسلسل اضافہ ہوا، جب سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ہم آئے دن معاشی اور اقتصادی ترقی میں پیچھے جارہے ہیں، میڈیا کو معلوم تھا کہ یہ فیصلہ درست نہیں تھا،نیب کو دوبارہ کہا گیا کہ ایک اور ریفرنس دائر کریں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا پہلے ریفرنس کا کچھ بنا نہیں مزید ریفرنس تیار ہو رہے ہیں، نواز شریف اس ملک اور قوم کے لئے لڑ رہا ہے، اس سفر میں مشکلا ت ، پریشانیوں اور کیسز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،جو ملک میں ترقی کی راہ ہموار کرتا ہے اس کے خلاف کیسز اور جو آئین توڑتا ہے اسے کھلی چھٹی۔ انہوں نے کہا فیصلے کے حوالے سے پوری جماعت ایک بیانئے پر متفق ہے،عوام میں بھی ہمارے بیانئے کو پذیرائی حاصل ہے، زینب کا واقعہ افسوسنا ک ہے اس پر سیاست نہ کی جائے،ملتان اور ڈیرہ اسمعیل خان میں بھی واقعے ہوئے اس پر کسی نے ہمدردی نہیں کی۔نوازشریف نے کہا میرے کیس اور دوسروں کے خلاف کیسز میں فرق صرف لاڈلے کا ہے، بہت جلد عدالتوں میں زیر التوا کیسز کے حوالے سے بات کروں گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں