پا کستان نے دنیا میں امن کے قیام کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی یورپین یونین وفد سے گفتگو

منگل 18 ستمبر 2018 22:52

پا کستان نے دنیا میں امن کے قیام کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی یورپین یونین وفد سے گفتگو
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پا کستان نے دنیا میں امن کے قیام کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور پا کستان کا کوئی گھر ایسا نہیں جو دہشت گردی کی وجہ سے متا ثر نہ ہو اہو، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری نہیں تھی بلکہ یہ ہم پر مسلط کی گئی اور اس کی وجہ سے ہمیں بھاری جانی و مالی نقصانات اٹھانا پڑے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یورپین یونین کنزرویٹو اینڈ ریفارمسٹ گروپ آف یورپین پارلیمنٹ (ای سی آر) کے 10 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے ای سی آرکے نا ئب صدر ہینکل اولیف ہانس کی سر برا ہی میں منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملا قات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پا کستان کے جس خطہ سے میرا تعلق ہے اس خطہ نے دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، مساجد، امام بارگاہیں، سکول اور عوامی مقامات پر دہشت گردوں نے حملے کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا نے دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں پا کستان کی قربانیوں کو وہ پذیرائی نہیں دی جس کا وہ مستحق تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور پر بڑی حد تک قا بو پا لیا ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور وہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطہ میں امن اور سکیورٹی کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔

سپیکر نے کہا کہ پا کستان کی سیاسی قیادت علاقائی رابطوں کو فروغ دے کر خطہ سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے وفد کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ اور تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے کیلئے موجودہ حکومت بلدیاتی اداروں کے نظام کو مستحکم بنا رہی ہے اور ان اداروں کو انتظامی اور مالی اختیارات دیئے جا رہے ہیں۔

اسد قیصر نے یورپی یونین کو پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہو ئے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ خطہ کی ترقی کا منصوبہ ہے، اس منصوبہ کی تکمیل سے خطہ میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطہ اور عالمی سطح پر افرادی قوت اور اداروں کی ترقی کیلئے یورپین یونین سے جامع اور پائیدار شراکت داری کا خواہاں ہے۔

پاکستان اور یورپین یونین مختلف عالمی امو ر پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور پاکستان یورپین یونین کے ساتھ اپنی سٹرٹیجک شراکت داری کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پا کستان جمہوری اداروں کی مضبوطی اور تمام سطحوں پر بہتر طرز حکمرانی کیلئے یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور یورپین یونین کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی رابطوں کو فر وغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ہینکل اولیف ہانس نے پا کستان کی خطہ میں امن اور سکیورٹی کے قیام کی کاوشو ں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے بڑی دلیری کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے سپیکر کی یورپین یونین اور پاکستان کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپین یونین کی پارلیمان پاکستان میں جمہوری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے، قانون کی حکمرانی اور افرادی قوت کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کیلئے دونوں پارلیمانوں کے مابین رابطے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ وفد کے اراکین نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی پارلیمنٹ میں کام کے طریقہ کار، پارلیمان کی طرف سے حکومت کے احتساب اور کارکردگی کو جانچنے کے عمل میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں