وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے

وزیراعظم ریاض میں کانفرنس میں شرکت کریں گے،عمران خان دورے کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں بھی کریں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 اکتوبر 2018 16:58

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اکتوبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے،وزیراعظم ریاض میں کانفرنس میں شرکت کریں گے،عمران خان دورے کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چودھری بھی ہیں، جبکہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

  وزیراعظم عمران خان  ریاض میں ہونے والی ’’مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ کے عنوان پر سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کرینگے۔ ریاض میں ہونے والی کانفرنس کو’’صحرا میں ڈیوس‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ریاض میں ہونے والی کانفرنس میں دنیا بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

بتایا گیا ہے کہ ریاض کانفرنس میں بڑی کاروباری کمپنیاں اورہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندگان بھی شرکت کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کریں گے۔ سعودی فرمانروا سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کانفرنس کے سیشن جس کا عنوان ’’پاکستان علاقائی ترقی اور استحکام کا مرکز‘‘ ہے، اس سیشن میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔

دوسری جانب پاکستانی میں معاشی گراوٹ اور زرمبادلہ کے ذخائر گرنے کے باعث وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کو بڑی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سعودی کنگ سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق آگاہ کریں گے اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مدد کی درخواست بھی کریں گے۔ اس کے برعکس پی ٹی آئی کی جانب سے سعودی عرب سے امداد لینے کی تمام باتوں کو سیاسی پروپیگنڈا قرار دیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں