ایسا بھکاری نہیں دیکھا جو پہلے سے مانگنے کی جگہ کا اعلان کرے ،ْمشاہد اللہ

کہا جارہا ہے تین دن کے حالیہ دھرنے سے 150 ارب کانقصان ہوا لیکن پی ٹی آئی نے 126 دن کا دھرنا دے کر ملک کا ستیاناس کردیا ،ْلیگی رہنما

پیر 12 نومبر 2018 22:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان وزیراعظم کے بیرون ممالک دوروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے ایسے بھکاری کو نہیں دیکھا ہوگا جو پہلے سے اعلان کردے کہ آج میں فلاں جگہ مانگنے جارہا ہوں۔ منگل کو سینیٹ میں سینیٹر مشاہد اللہ خان نے وزیراعظم عمران خان اور حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا تعلق جنون سے نہیں، عقل اور دانش سے ہوتا ہے، کہا جارہا ہے تین دن کے حالیہ دھرنے سے 150 ارب کانقصان ہوا لیکن پی ٹی آئی نے 126 دن کا دھرنا دے کر ملک کا ستیاناس کردیا۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کو مظاہرہ کرنے والوں سے معاہدہ کرنا پڑا، کل تک دھرنے والے آپ کے دوست تھے، آج آپ کے دشمن ہیں لیکن جب پہلے دھرنے ہوئے تھے تب شاہ محمود قریشی وہاں جاکر بیٹھتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چین میں آپ پاکستان کے کپڑے دھو رہے تھے، کتنی تکلیف ہو رہی تھی، کسی آمر نے بھی جاکر بیرون ملک یہ نہیں کہا کہ ہمارے ملک میں بہت کرپشن ہے، دنیا پیسے دیتے وقت دیکھتی ہے کہ لوگ بات کے پکے ہیں کہ نہیں۔(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ کسی نے ایسے بھکاری کو نہیں دیکھا ہوگا جو پہلے سے اعلان کردے کہ آج میں فلاں جگہ مانگنے جارہا ہوں، دینے والا بہت سمجھدار ہوتا ہے، اگر اسے معلوم ہوکہ ہمارا پیسہ سڑکوں، توانائی، ہسپتالوں پر لگے تو مدد کرے گا۔ مشاہد اللہ کا کہنا تھا کہ کہا گیا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ میں جواب دیں گے لیکن وزیراعظم کو ابھی تک ایک بھی بار نہیں دیکھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں