بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، ہماری حکومت ایسی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے کوشاں ہے جس میں بلا امتیاز تمام بچوں کے حقوق کا تحفظ ہو گا، معاشرے کے تمام طبقات آگے بڑھیں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں

وزیر اعظم عمران خان کا بچوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 19 نومبر 2018 23:46

بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، ہماری حکومت ایسی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے کوشاں ہے جس میں بلا امتیاز تمام بچوں کے حقوق کا تحفظ ہو گا، معاشرے کے تمام طبقات آگے بڑھیں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، ہماری حکومت ایسی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے کوشاں ہے جس میں بلا امتیاز تمام بچوں کے حقوق کا تحفظ ہو گا، معاشرے کے تمام طبقات آگے بڑھیں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں ۔بچوں کے عالمی دن (20نومبر2018ئ)کے موقع پراپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر بچوں کے عالمی دن کو مناتے ہوئے اپنے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ملک کے تمام بچوں کی ترقی کے عمل میں لازمی طور پر شمولیت اور ان کے حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان1990 میں بچوں کے بارے میں ہونے والی عالمی اعلیٰ سطحی کانفرنس کی شروعات کرنے والی6 ممالک میں سے ایک ہے اور اس نے بچو ں کے حقوق کے کنونشن(سی آر سی ) پر دستخط اور توثیق کرنے میں سبقت حاصل کی۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بچوں کی جبری مشقت کے خاتمہ کے کنونشن 182کی بھی توثیق کر رکھی ہے اور بچوں کی مسلح تنازعات میں شمولیت ،بچوں کی فروخت ،بچوں کی جسم فروشی اور عریانی کے خاتمہ کے بارے میں سی آر سی کے پروٹوکول پر دستخط بھی کئے ہوئے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ بارے اسلامی تعلیمات میں بھی رہنمائی دی گئی ہے اور اس کا پاکستان کے آئین میں بھی ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بچوں میں غذائیت کی کمی ،نشو و نما میں رکاوٹ جیسے مسائل کو حل کرنے کے لئے جامع منصوبہ بنایا ہے ۔ اس کے علاوہ بچوں کو معیاری طبی نگہداشت کی فراہمی، تعلیمی سہولیات اور زندگی میں بھر پور کامیابیوں کے لئے درکار مواقع کی فراہمی کا بھی جامع منصوبہ بنایا گیا ہے ۔

موجودہ حکومت نے مختلف ایسے پروگرامز بھی شروع کئے ہیں جن میں بچوں کی مشقت اور آوارگی جیسے مسائل کا حل موجود ہے اور نابالغ بچوں کی انصاف تک رسائی کے مسئلہ کا حل بھی موجود ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے جن شعبہ جات کو اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے ان میں موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سماجی تحفظ کے اداروں میں توسیع بھی شامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایسی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے محنت کر رہی ہے جس میں بلا امتیاز تمام بچوں کے حقوق کا تحفظ ہو گا۔ میں سماجی شعبہ ،میڈیا ،والدین اور معاشرہ پر زور دیتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ا س بات کی خوشی ہے کہ وزارت انسانی حقوق متعلقہ شراکت داروں سے مل کر بچوں کے حقوق کا تحفظ کرنے اور انہیں فروغ دینے کے لئے کوششیں کر رہی ہے ۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں پر بھی زور دیا کہ وہ سماجی شعبہ میں اصلاحات کریں اور اس حوالے سے انتظامی اور ضروری قانون سازی کی جائے تا کہ ہم اپنے ملک کے بچوں کے لئے ساز گار ماحول پیدا کر سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں