پیسے نہیں دین کو وقت دو

سابق وزیراعظم نواز شریف کی پیشکش پر مولانا عبد الوہاب کا شاندار جواب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 نومبر 2018 14:29

پیسے نہیں دین کو وقت دو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 نومبر 2018ء) : تبلیغی جماعت کے سربراہ مولانا عبد الوہاب طویل علالت کے بعد گذشتہ ہفتے انتقال کر گئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے مولانا عبد الوہاب کو پیسوں کی پیشکش کے حوالے سے ایک دلچسپ قصہ سامنے آیا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف ایک مرتبہ تبلیغی جماعت کے سربراہ مولانا عبد الوہاب سے ملاقات کرنے گئے اور انہیں بھاری نذرانہ پیش کرنا چاہا لیکن مولانا عبد الوہاب نے انہیں ایسا جواب دیا کہ میاں صاحب اپنا سا منہ لے کر بیٹھ گئے۔

تبلیغی جماعت کے اہم ذمہ دار مولانا اسرار مدنی نے بتایا کہ مولانا حاجی عبد الوہاب مرحوم نے زندگی بھر انتہائی مشقت اور جہد مسلسل کے ساتھ دعوتی تحریک کو آگے بڑھایا ، یہ وہ وقت تھا جب پاکستان میں کوئی بھی ان کی بات سننے کو تیار نہیں تھا۔

(جاری ہے)

بعض پیروں فقیروں نے انہیں مسجد سے نکال دیا۔ کئی مرتبہ ان پر حملے کیے گئے، نہ تو سکیورٹی لی ، نہ تشہیر کی، اور نہ ہی حالات سے متاثر ہوئے۔

انہیں مال و زر سے بھی کوئی غرض نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب پہلی مرتبہ نواز شریف وزیراعظم بنے تو ایک مرتبہ رائے ونڈ تبلیغی مرکز آئے، نواز شریف حاجی عبد الوہاب کے پاس گئے اور ان کو ایک خطیر رقم بطور چندہ پیش کرنا چاہی لیکن حاجی صاحب نے رقم لینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ میاں صاحب ! ہمیں پیسے نہیں آپ کا وقت چاہئیے، اگر آپ اللہ کی راہ میں تین دن دے سکتے ہیں یا چالیس دن ، تو بسم اللہ! جس پر نواز شریف نے مولانا صاحب سے مخاطب کوتے ہوئے کہا کہ حاجی صاحب اتنے پیسے آفر کرنے والا آپ کو کوئی اور نہیں ملے گا جس پر مولانا عبد الوہاب نے کہا کہ میاں صاحب! آپ کو اتنی خطیر رقم واپس کرنے والا کوئی نہیں ملے گا۔

واضح رہے کہ حاجی عبدالوہاب کا شمار مسلم دنیا کی 500 سو با اثر شخصیات میں ہوتا تھا اور اس فہرست میں حاجی عبد الوہاب 10 ویں نمبر پرتھے۔ ان کا پورا نام راؤ محمد عبدالوہاب اورآبائی علاقہ سہارن پور تھا۔ تبلیغی مرکز رائے ونڈ میں اپنے آخری خطاب میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبد الوہاب نے کہا کہ اس اجتماع کا مقصد امت مسلمہ کو دین کے راستے میں ڈالنا اور سچے مسلمان بنانا ہے۔

آپ سب بھی اس کار خیر کا حصہ بنیں اور اللہ کے دین کو دوسروں تک پہنچائیں۔تبیلیغی اجتماع دین سکھانے کی تربیت گاہ ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ مسلمانوں کی ذلت توبہ سے ختم ہو گی،امت پر آفتیں دین سے دوری کی وجہ سے نازل ہو رہی ہیں۔پریشانیوں سے نجات اللہ کی راہ میں نکلنے میں ہے۔اللہ تعالیٰ اور اس کے نبی ﷺ کا پیغام دوسروں تک پہنچانا ہم سب کا فرض ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں