سپیکر قومی اسمبلی کا ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری

اپوزیشن اور حکومت ایوان کے دو جزو ہیں،ان کی بدولت ہی قانون سازی عمل میں لائی جا سکتی ہے،اسدقیصر

بدھ 12 دسمبر 2018 22:14

سپیکر قومی اسمبلی کا ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ میرے لیے تمام ارکان اسمبلی قابل تعظیم اور قابل قدر ہیں اورتمام جماعتوں کے ارکان کو مساوی حقوق دینا میری اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار اٴْنہوں نے متحدہ مجلس عمل کے ارکان قومی اسمبلی نے سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی مولانا عبدل اکبر چترالی، آفرین خان، زاہد اکرم درانی، محمد انور،اسعد محمود، منیر خان اورکزئی، محمد جمال الدین، عبد الشکور، عبدالواسع، کمال الدین، صلاح الدین ایوبی،، عصمت اللہ، سید محمود شاہ، جیمزاقبال، عالیہ کامران اور شاھدہ اختر علی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں حکومتی وزراء میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی اور وزیرمملکت پارلیمانی امور علی محمد خان بھی موجود تھے جنہیں خصوصی طور پر اس موقع پر مدعو کیا گیا تھا۔

اسپیکر نے کہا کہ میری زندگی کا بیشتر حصہ علماء کرام اور دینی حلقوں کی صحبت میں گزرا ہے اور ایم ایم اے میں زیادہ تر تعداد ارکان قومی اسمبلی علماء کرام پر مشتمل ہے اور میں ان سے خصوصی رغبت رکھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایوان کی کاروائی کو قواعد وضوابط سے چلانامیرے فرائض منصبی میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے بعض اوقات حکومتی اور اپوزیشن کے رہنماء ان سے نالاں ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت ایوان کے دو جزو ہیں اور ان کی بدولت ہی قانون سازی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔اٴْنہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے تجربہ کار ارکان سے اپیل کرو ں گا کہ وہ ایوان کی کاروائی کو موثر طریقے سے چلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اٴْن کا مزید کہنا تھا کہ اختلاف رائے رکھنا ہر رکن اور ہر جماعت کا حق ہے مگر ماحول کو ساز گار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اراکین قائمہ کمیٹیوں کے قیام اور قانون سازی میں پیدا ہونے والے جمود کو توڑنے میں آگے بڑھیں۔ متحدہ مجلس عمل کے جانب سے اسپیکر کو احسن طریقے سے ایوان کی کاروائی چلانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے حکومت کے نرم خو اور لچک رکھنے والے اکابرین سے مل کر ماحول کو ساز گار رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں قانون سازی کے عمل کو فوری اور موثر بنانے کے لیے تجاویز بھی دی گئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں