حکومت سی آر وی ایس کی بہتری کے لیے قومی حکمت عملی کا فریم ورک بنانے کے عمل میں ہے،

اقدام سے پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل میں مدد ملے گی، نرسوں کی تربیت کے لیے ہر ضلع وشہر، خاص طور پر پسماندہ علاقوں میں ٹریننگ کالجز بنانے کی ضرورت ہے وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کی پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب کی ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرقی بحیرہ روم ڈاکٹر احمد سلیم سیف المنداہری کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

بدھ 19 دسمبر 2018 15:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کی پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سول رجسٹریشن اینڈ وائٹل سٹیٹیسکس (سی آر وی ایس) کی بہتری کے لئے قومی سطح کی حکمت عملی کا فریم ورک بنانے میں مصروف عمل ہیں جس کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل میں مدد ملے گی، ملک میں پیرامیڈک سٹاف کی شدید قلت ہے، ہمیں پسماندہ علاقوں میں نرسوں کی تربیت کے لیے ہر ضلع، ہر شہر میں ٹریننگ کالجز بنانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے وزارت منصوبہ بندی میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مشرقی بحیرہ روم کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد سلیم سیف المنداہری کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں صحت کے نظام ، بچوں میں حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے بیماریوں سے بچاو ، پائیدار ترقی کے اہداف اور سول رجسٹریشن اینڈ وائیٹل سٹیٹیسکس سمیت متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

کنول شوذب نے کہا کہ موجودہ حکومت سی آر وی ایس کی بہتری کے لیے قومی سطح کی حکمت عملی کا فریم ورک بنانے کے عمل میں ہے جس کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پیرامیڈک سٹاف کی شدید قلت ہے جہاں 22 نرسوں کو کام کرنا چاہئے وہاں صرف دو نرسیں موجود ہوتی ہیں، ہمیں نرسوں کی تربیت کے لیے ہر ضلع ، ہر شہر اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں میں ٹریننگ کالجز بنانے کی ضرورت ہے ۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی سی آر وی ایس پر بھی کام کر رہی ہے جس کے تحت پائیدار ترقی کے اہداف کی مانٹرنگ میں نہ صرف مدد حاصل ہوگی بلکہ پالیسی بنانے میں بھی آسانی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کا سب سے اولین ایجنڈا ہی ملک میں غربت کا خاتمہ، خواتین اور بچوں کی صحت و نشونما، تعلیم کا فروغ ہے اور ان تمام عوامل کا خیال ہم نے اپنے بارہویں پانچ سالہ منصوبہ بناتے وقت رکھا ہے۔

اس موقع پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد سلیم سیف المنداہری نے صحت سے متعلق حکومتی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ ملک کی اعلیٰ قیادت صحت اور تعلیم سے متعلق ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جو خوش آئند ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اپنے دور میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کوئی توجہ نہیں دی مگر نئی حکومت کا ایجنڈا ہی عوام کو بنیادی صحت عامہ اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وفد نے صحت عامہ سے متعلق اپنی پوری مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں