بد قسمتی سے پچھلے ادوار میں پی ٹی وی کو صرف سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا، وزیر اعظم

پی ٹی وی ملکی تشخص، قومی ورثے اور پاکستانیت کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دے،سرکاری نشریاتی ادارے میں مالی بد انتظامیوں کی سزا کسی صورت عوام کو نہیں دی جا سکتی، عمران خان سے خطاب

بدھ 23 جنوری 2019 21:05

بد قسمتی سے پچھلے ادوار میں پی ٹی وی کو صرف سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا، وزیر اعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے پچھلے ادوار میں پی ٹی وی کو صرف سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا،پی ٹی وی ملکی تشخص، قومی ورثے اور پاکستانیت کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دے،سرکاری نشریاتی ادارے میں مالی بد انتظامیوں کی سزا کسی صورت عوام کو نہیں دی جا سکتی۔

بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان ٹیلی ویڑن میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر اطلاعات فواد حسین، معاونین خصوصی نعیم الحق، افتخار درانی، ندیم افضل گوندل، چیئرمین پی ٹی وی ارشد خان، سیکرٹری وزارت اطلاعات اور سینئر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دور ان چیئرمین پی ٹی وی ارشد خان کی پی ٹی وی کے انتظامی اور مالی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کو بتایاگیا کہ پی ٹی وی جیسے قومی نشریاتی ادارے کو اس وقت انتظامی اور مالی مسائل کے ساتھ ساتھ دیگر مختلف نوعیت کے مسائل درپیش ہیں جن میں استعداد کار ، پروڈکشن اور معیاری مواد کی پیداوار شامل ہیں۔ وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ماضی کی مالی بد انتظامیوں کی بدولت اس وقت ادارے کے ذمے 5.8 ارب روپے کے واجبات ہیں جبکہ پنشن کی مد میں 14 ارب روپے کے واجبات اس کے علاوہ ہیں۔

نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن کے لیے مزید 1.2 ارب روپے درکار ہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ پی ٹی وی ایک اہم قومی ادارہ ہے جس نے پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، بد قسمتی سے پچھلے ادوار میں اسے صرف سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پی ٹی وی ملکی تشخص، قومی ورثے اور پاکستانیت کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ سرکاری نشریاتی ادارے میں مالی بد انتظامیوں کی سزا کسی صورت عوام کو نہیں دی جا سکتی، پی ٹی وی انتظامیہ ادارے کو مالی طور پر مستحکم کرنے اور اپنے مالی خسارے پر قابو پانے کے لیے مربوط بزنس پلان ترتیب دے۔وزیر اعظم نے کہاکہ مالی اور انتظامی اصلاحات کے لئے بزنس پلان جلد ترتیب دیا جائے۔ ایم ڈی پی ٹی وی نے پی ٹی وی ملازمین کی جانب سے اسی لاکھ روپے کا چیک ڈیم فنڈ کے لیے وزیر اعظم کو پیش کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں