نوازشریف اور مریم نواز کوآفر ہوئی ہے کہ سیاست چھوڑ دیں آپ سے بات ہوسکتی ہے

مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے مبینہ این آر او سے متعلق نیا انکشاف کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 جولائی 2019 10:52

نوازشریف اور مریم نواز کوآفر ہوئی ہے کہ سیاست چھوڑ دیں آپ سے بات ہوسکتی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2019ء) : مسلم لیگ ن کے رہنماؤں میں ڈیل اور این آر او کی چہ مگوئیاں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زور پکڑ رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے نائب صدر خرم دستگیر نے انکشاف کیا کہ میاں نوازشریف اور مریم نواز کوآفر ہوئی ہے کہ سیاست چھوڑ دیں آپ سے بات ہوسکتی ہے، انہیں یہ آفر پاناما فیصلے سے کچھ ماہ قبل بھی آئی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ میں مریم نواز سمیت تمام لیڈران سے اپیل کرتا ہوں کہ جو جو آفر دے رہا ہے ان کے نام لیں۔ جبکہ پروگرام میں موجود صمصام بخاری نے اس حوالے سے کہا کہ ن لیگ کے حوالے سے سفارش بیرون ملک سے آئی تھی وقت آنے پر نام بھی منظر عام پر آجائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومتی مجبوریاں ہیں مگر مریم نواز پر ایسی کوئی پابندی نہیں وہ خود بتادیں ان کو کس نے آفر دی۔

خیال رہے کہ ایک طرف جہاں مسلم لیگ ن کی ڈیل اور مبینہ این آر او سے متعلق قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں وہیں دوسری جانب مسلم لیگ ن کے لوگ اس حوالے سے انکاری ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک میں آزادی اظہار اب معطل ہو چکا ہے۔ ہ ہم سے بات چیت کے لیے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن ہم اس کے لئے تیار نہیں ، میں اور میاں صاحب بات چیت کے لوازمات پورے نہیں کرسکتے۔

جس پر صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ وہ کون سے لوازمات ہیں ؟جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ بات چیت کے لیے اصولوں کی قربانی دینا پڑتی ہے اور اصولوں کی قربانی دینے کے لیے ہم تیار نہیں ہیں۔ مسلم لیگ ن کے جتنے قائدین کو گرفتار کریں ہم ان سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں