پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید میلادالنبیؐ کل مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی

اس حوالے سے خصوصی تقریبات، کانفرنسز اور میلاد ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں مساجد، سرکاری و غیر سرکاری عمارات، مکانات سمیت گلی محلوں کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں اور دیگر آرائشی مصنوعات سے سجایا جا رہا ہے، عید میلادالنبیؐ کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوگا

ہفتہ 9 نومبر 2019 11:57

پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید میلادالنبیؐ کل مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) پاکستان سمیت دنیا بھر کل اتوار کو مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی، اس حوالے سے خصوصی تقریبات، کانفرنسز اور میلاد ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں مساجد، سرکاری و غیر سرکاری عمارات، مکانات سمیت گلی محلوں کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں اور دیگر آرائشی مصنوعات سے سجایا جا رہا ہے۔

پاکستان میں عید میلادالنبیؐ کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوگا اور رات کو محافل نعت، کانفرنسوں کا اہتمام اور چراغاں کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔ مساجد میں اسلام کی بالادستی، مذہبی تعلیم کے فروغ، اتحاد، یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور امت مسلمہ کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

سرکاری، غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں، میلاد کمیٹیوں اور پاکستانیوں نے اس دن کی مناسبت سے میلاد جلوسوں، سیمینارز، کانفرنسز اور مذاکروں سمیت متعدد پروگراموں کا اہتمام کیا ہے۔ ملک بھر کے طول ع عرض میں عید میلاد النبیؐ کے جلوس نکالے جائیں گے۔ اس دن کے موقع پر پاکستان بھر میں لوگوں نے سڑکوں، گلیوں، بازاروں، سرکاری اور نجی عمارتوں کو خوبصورتی سے اور رنگارنگ روشنیوں سے سجایا ہے اور بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں جن پر عید میلاد النبی کی مناسبت سے تحریریں درج ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے عید میلاد النبیؐ کو شایان شان طور پر منانے کیلئے وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں کو خصوصی ہدایت کی تھی جس کی روشنی میں اقدامات کئے گئے ہیں اور اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام انٹرنیشنل سیرت کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس میں ملکی و غیر ملکی وفود کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں