پاکستان مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے، بدھ مت کے پیرو کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جنوبی کوریا کے بدھ جوگی سلسلے کے ممتاز رہنما وان ہینگ سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 20 نومبر 2019 15:58

پاکستان مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے، بدھ مت کے پیرو کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے۔بدھ مت کے پیرو کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔یہ بات انہوں نے جنوبی کوریا کے بدھ جوگی سلسلے کے ممتاز رہنما وان ہینگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی، سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے جوگیہ سلسلے کے اعلیٰ سطحی وفد کو بتایا کہ پاکستان مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے اور یہی ہمارے مذہب اسلام کی تعلیمات ہیں۔ دنیا بھر میں سکھ مذہب کے پیروکاروں کو ان کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کے گردوارہ تک رسائی دینے کے لیے ہم نے کرتارپور راہداری کو کھول دیا ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں سکھ دھرم کے کروڑوں پیروکار وزیر اعظم عمران خان کے اس اقدام کو سراہ رہے ہیں۔ پاکستان میں قدیم گندھارا تہذیب میں بدھ مت کے اہم تہذیبی آثار موجود ہیں ۔ بدھ مت کے پیروکار کثیر تعداد میں ان مقامات کی زیارت کے لئے پاکستان آتے ہیں جنہیں ہم ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے ثقافتی سفارت کاری کا بھی آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ہم بدھ ازم سمیت دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو پاکستان آنے کیلئے آن لائن ویزہ کی سہولت مہیا کر رہے ہیں۔

بدھ جوگی وان ہینگ نے وزیر خارجہ کو جوگی سلسلے کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ "بدھ جوگی سلسلہ" ، جنوبی کوریا میں بدھ مذہب کا سب سے بڑا سلسلہ ہے۔وفد کے سربراہ ممتاز جوگی راہنما وان ہینگ نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر حکومت پاکستان، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں