شریف خاندان کا دل پاکستان کی سیاست سے بھر چکا

مریم نواز اور حمزہ شہباز کو آج بیرون ملک جانے کی اجازت مل جائے تو جوتے چھوڑکر بھاگ جائیں گے ۔ فواد چودھری

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی ہفتہ 22 فروری 2020 11:06

شریف خاندان کا دل پاکستان کی سیاست سے بھر چکا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 22 فروری 2020ء ) وفاقی وزیز سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شریف فیملی کا پاکستان کی سیاست سے دل بھر چکا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ جو سیاسی گروپ مسلم لیگ ن کے ساتھ امیدیں جوڑ کر بیٹھیں ہیں ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ شریف خاندان صرف ایک معاملہ چاہتی ہے کہ ان کے خاندان کے باقی افراد بھی بیرون ملک چلے جائیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاست سے شریف خاندان کا دل بھر چکا ہے۔ مسلم لیگ ن پر طنز کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سابق وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز کو آج بیرون ملک جانے کی اجازت مل جائے تو جوتے چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔
 واضح رہے سابق وزیراعظم نوازشریف اس وقت علاج کے لئے لندن میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

بیماری کی وجہ سے ضمانت لے کر لندن جانے والے وزیراعظم کو پاکستان واپس بلانے کی کوشش بار بار کی گئی ہے لیکن ابھی تک نوازشریف نے واپس آنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ اسی دوران تجزیہ نگار صابر شاکر نے ایک پیغام جاری کیا کہ نوازشریف نے اپنی تحریری وصیت لکھ دی ہے۔ نوازشریف نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات کو تحریری صورت دے دی ہے جس کے بعد ان کا کہنا ہے کہ اگر مریم نواز کو لندن نہ بھیجا گیا تو وہ کچھ سینیئر صحافیوں سے ملاقات کر کے کچھ ایسے انکشافات کریں گے جس سے پاکستا ن کے حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ تاہم اب وفاقی وزیر فواد چودھری نے مسلم لیگ ن  پر  طنز  کرتے  ہوئے کہا کہ اگر ان کو آج باہر  جانے  کی  اجازت  دی  جائے  تو  یہ لوگ  جوتے چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں