پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے یورپی ممالک میں ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی آسٹریا کے لئے نامزد سفیر سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 18 ستمبر 2020 17:04

پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے یورپی ممالک میں ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے آسٹریا اور دیگر یورپی ممالک میں ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آسٹریا کے لئے نامزد سفیر آفتاب احمد کھوکھر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان آسٹریا کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور اہم عالمی امور پر یکساں مؤقف پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے نامزد سفیر کو آسٹریا کے سرمایہ کاروں کو ان شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آسٹریا میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا کو بھی ہر قسم کی سفارتی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آفتاب احمد کھوکھر ایک تجربہ کار سفارتکار ہیں ان کی قیادت میں آسٹریا میں قائم پاکستانی سفارتخانہ ملکی مفادات کے لئے بہترین خدمات سرانجام دے گا اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔

آسٹریا کے لئے نامزد سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے کہا کہ آسٹریا میں تعیناتی کے دوران تجارت، توانائی اور تعلیم کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے سپیکر کے جانب سے ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا آسٹریا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادہ کرنا بطور سفیر ان کی اولین ترجیح ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں