بھارت کو پاکستانی ہندو برادری کی11 افراد کے ناحق خون کا جواب دینا ہوگا، وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین

جمعہ 25 ستمبر 2020 15:24

بھارت کو پاکستانی ہندو برادری کی11 افراد کے ناحق خون کا جواب دینا ہوگا، وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستانی ہندو برادری کے گیارہ افراد کے ناحق خون کا جواب دینا ہوگا۔پاکستان کی ہندو برادری، بھیل برادری کیساتھ کھڑے ہیں۔وفاقی وزیر نے جمعہ کو شاہراہ دستور پر ہونے والے پاکستان ہندو کونسل کے احتجاج میں شرکت کی۔

فواد چوھدری نے اس موقع میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری کے ساتھ یکجہتی کیلئے یہاں آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جودھ پور میں بچوں سمیت 11 معصوم پاکستانیوں کی پرسرار ہلاکت ہوئی۔ہندو خاندان پاکستان سے گیا تھا ان کا پاکستان سے رشتہ ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے بچے، پاکستان کی خواتین تھیں۔

(جاری ہے)

ہندوستان میں جو زیادتی ہوئی اس پر بھارتی حکومت کا سلوک نامناسب ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہندو خاندان کی ایک بیٹی نے کہا پاکستان کے خلاف بیان دینے اور جاسوسی کرنے پر مجبور کیا گیا۔انکار پر پورے خاندان کو قتل کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے شہریوں کے ناحق خون کا بھارت کو اس کا جواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مودی نے جس طرح حکومت کو ایک فاشسٹ حکومت میں تبدیل کیا پاکستان سمیت تمام ہمسائے اس کا شکار ہیں۔

چین، بنگلہ دیش، نیپال، پاکستان ، مودی کے ہندوستان کی شرارتوں سے متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری، بھیل برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اقلیتی رکن اسمبلی رمیش کمار نے کہا کہ ہمارا ہدف سڑک بند کرنا نہیں، انڈین ہائی کمیشن کے سامنے دھرنا دینا تھا۔ بھارت ہندو کمیونٹی کو پاکستان کے خلاف جاسوس بنا کر استعمال کرنا چاہتا ہے جو بھارتی جاسوسی پر آمادہ نہیں ہوتا اسے اس طرح قتل کر دیا جاتا ہے۔ہم ہندوستان کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم پاکستانی اپنے شہریوں کے حقوق کیلئے لڑنا جانتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں