اپوزیشن جماعتیں مختلف گروپس میں تقسیم ہو گئی ہیں، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:57

اپوزیشن جماعتیں مختلف گروپس میں تقسیم ہو گئی ہیں، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2020ء) : وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حکومت کے خلاف آج اتوار کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ بھی گوجرانولہ اور کراچی پاور شوز کی طرح فلاپ شو ہو گا، اپوزیشن جماعتیں مختلف گروپس میں تقسیم ہو گئی ہیں، وہ جلسے جلوسوں سے کچھ حاصل نہیں کر سکیں گی اور موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے وہ بغیر کسی نظریے کام کر رہی ہیں، پاکستان میں پہلی مرتبہ طاقتور لوگوں کے خلاف احتساب ہو رہا ہے جو پہلے ممکن نہیں تھا اور اپوزیشن جماعتیں احتساب کے عمل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کیلئے جمع ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نواز شریف کو وطن واپس آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے جیسا کہ وہ سزا یافتہ مجرم ہیں اور کئی کیسز میں مفرور ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت قومی مفاد کے معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے، اپوزیشن جماعتیں انتخابات میں مزید شفافیت لانے کیلئے الیکٹورل ریفارمز کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں