شاہ محمود قریشی کی صومالی ہم منصب سے ملاقات ،اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی پر گفتگو

صومالیہ، انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے تجربات سے استفادہ حاصل کرے گا، شاہ محمود قریشی

ہفتہ 28 نومبر 2020 14:13

شاہ محمود قریشی کی صومالی ہم منصب سے ملاقات ،اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی پر گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47ویں اجلاس کے موقع پر صومالی ہم منصب احمد عیسیٰ اود سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور صومالیہ کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، اسلامی برادر ملک ہونے کے ناطے صومالیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے صومالی وزیر خارجہ کو پاکستان کی ’انگیج افریقہ‘ پالیسی کے بارے میں آگاہ کیا۔۔ صومالیہ کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے صومالیہ کے لیے پاکستان کی مستقل معاونت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

صومالی وزیر خارجہ نے ملک کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صومالیہ میں امن و امان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے ۔صومالی وزیر خارجہ نے کہا کہ صومالیہ، انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے تجربات سے استفادہ حاصل کرے گا۔وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے صومالیہ کی تعمیر و ترقی اور معاشی بحالی کیلئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ اقتصادی تعاون کے حوالے سے روابط کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں