پیپلز پارٹی نے ایل این جی اسکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

وزیراعظم اور کابینہ کی مجرمانہ غفلت سے ملک کو 122 ارب روپے کا نقصان ہوا.شیریں رحمان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 5 دسمبر 2020 13:44

پیپلز پارٹی نے ایل این جی اسکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 دسمبر ۔2020ء) پیپلز پارٹی نے ایل این جی اسکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایل این جی درآمد میں تاخیر کر کے مصنوعی بحران پیدا کیا گیا جس کی وجہ سے ملک کو نقصان ہو گا. انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا سردیوں میں ملک میں گیس کا شدید بحران ہو گا تو پھر جب وزیر اعظم کو گیس بحران کا پتہ تھا تو گیس درآمد کیوں نہیں کی گئی ؟.

(جاری ہے)

شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ کی مجرمانہ غفلت سے ملک کو 122 ارب روپے کا نقصان ہوا انہوں نے کہا کہ ایل این جی درآمد میں تاخیر اور پھر مہنگے داموں پر خریداری پر سوالات اٹھتے ہیں اس لیے پیپلز پارٹی ایل این جی درآمد میں تاخیر پر پارلیمانی تحقیق کرانے کا مطالبہ کرتی ہے. گزشتہ روز راہنما پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ حکومت کے پاس ہر معاملے کا حل قیمتیں بڑھانا ہے اور اب گیس کا گردشی قرضہ پورا کرنے کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھائی جائیں گی انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی گیس کا شدید بحران ہے اور حکومت ملک کو گردشی قرضوں میں ڈبو رہی ہے.

واضح رہے کہ ملک میں سردیوں کا آغاز ہوتے ہی گیس کا بحران سراٹھانے لگا ہے جبکہ ملک کے کئی حصوں میں گرمیوں میں بھی گیس کی فراہمی معطل رہتی ہے موجودہ حکومت نے گھریلوصارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں کئی سو فیصد تک اضافہ کیا ہے مگر اس کے باوجود لاہور جیسے بڑے شہر میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روزمرہ کے معمولات درہم برہم ہو گئے ہیں.

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سردیوں میں اوسطا ایک ہزار روپے تک کا گیس کا بل سات سے آٹھ ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے مگر گیس فراہمی میں حکومت ناکام نظرآتی ہے‘شہر کے چھوٹے اور گنجان علاقوں میں گیس کی فراہمی کا مسلہ ہمیشہ سے مگر اب شہر کے متوسط اور پوش علاقوں میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے. شہریوں کا کہنا ہے کہ حکمران طبقہ محض انتخابات کے دنوں میں دعوے کرتا دکھائی دیتا ہے، بعد میں بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جاتیں حکومت گیس کی قلت کو سنجیدہ نہیں لے رہی، گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے عملی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں