سینیٹ انتخابات :دووفاقی وزیروں نے اپنے ووٹ ضائع کیئے

جنہیں ایک ووٹ درست طریقے سے ڈالنا نہیں آتا وہ وزارتیں کیسے چلاتے ہونگے ؟ عوامی حلقوں میں شدید ردعمل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 3 مارچ 2021 18:31

سینیٹ انتخابات :دووفاقی وزیروں نے اپنے ووٹ ضائع کیئے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 مارچ ۔2021ء) سینیٹ کے انتخابات میں دووفاقی وزیروں نے اپنے ووٹ ضائع کیئے جن میں زرتاج گل اور شہریار آفریدی شامل ہیں وفاقی وزراءکی جانب سے ووٹ ضائع کرنے پر نہ صرف وزیراعظم کی جانب سے ان کی سرزنش کی گئی ہے بلکہ عوامی حلقوں میں بھی وفاقی وزراءکی کارکردگی اور ذمہ داریوں کے حوالے سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں.

مسلم لیگ (نون)لیبرونگ کے صدر شہزاد انور چوہدری کا کہنا ہے وفاقی وزارتوں کے انچارج جنہیں ایک ووٹ درست طریقے سے ڈالنا نہیں آتا وہ وزارتیں کیسے چلاتے ہونگے ؟ حکمران جماعت اس پر سوچے کہ اس کے وزیراگر ایک ووٹ ڈالنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تو وہ وزارتوں کے چلانے کی اہلیت کیسے رکھتے ہونگے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت قومی خزانے کا ضیاع کررہی ہے اگر وفاقی وزیروں کو طریقہ کار معلوم نہیں تھا تو اس سے حکومتی جماعتی جماعت کی غیرسنجیدگی بھی عیاں ہوتی ہے کہ اس کے وزیروں تک نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کاربتانے کے لیے جوورکشاپس منعقد کی تھیں انہوں نے اس میں حصہ ہی نہیں لیا.

شہری عرفان معراج دین نے بتایا کہ انہوں نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو ووٹ دیا تھا مگر آج انہیں لگتا ہے کہ ان کا فیصلہ غلط تھا انہوں نے کہا کہ میں چھوٹا کاروباری ہوں ہمیں درجنوں رنگ برنگے محکموں کو روزانہ کی بنیاد پر رشوت دینا پڑتی ہے کرونا کی وجہ سے ایک سال سے ہمارے کاروبار متاثر ہیں مگر ہمارا کوئی پرسان حال نہیں . انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سے غرض نہیں کہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ بڑھ رہا ہے یا کم ہورہا ہے مزدور کو اتنا پتہ ہے کہ اس کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومتیں عوام کو ریلیف دینے کے معاملے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہیں .

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کے کارندے حفیظ شیخ کو جتوانے کے لیے حکمران جماعت ایڑی چوٹی کا زور لگاررہی ہے جس کی مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے آج پاکستانی عوام تاریخ کے بدترین حالات کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو دیکھنا چاہیے کہ حفیظ شیخ جیسے عالمی اداروں کے کارندے تو کل کو بریف کیس اٹھا کر اپنے ملکوں کو چلے جائیں گے مگر ہار کی تمام تر ذمہ داری بخثیت کپتان عمران خان پر آئے گی .

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں