وزیر اعظم کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کی جیت قبول نہ کیے جانے کا امکان

یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے پاس موقع ہے کہ وہ مل کر بیٹھیں اور قانون سازی کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں ، سینئر تجزیہ کار حامد میر کا تبصرہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 مارچ 2021 18:49

اسلام اباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 مارچ2021ء) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کی جیت قبول نہ کیے جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ ان کے امیدوار کو کتنے ووٹ پڑیں گے جب کہ اپوزیشن کے ووٹوں کی تعداد بھی بتائی جارہی تھی تاہم اب چوں کہ پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی جیت گئے ہیں تو اس صورت میں امکان یہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پی ڈی ایم امیدوار کی جیت کو قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے پاس موقع ہے کہ وہ مل کر بیٹھیں اور قانون سازی کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دی، یوسف رضا گیلانی کو 169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو164 ملے، الیکشن میں 6 ووٹ مسترد ہوگئے ہیں ، آج سینیٹ کی 37 نشستوں پر الیکشن ہوا جس کے لیے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا، پولنگ کا عمل 5 بجے تک جاری رہا۔

سینیٹ انتخابات کے لیے قومی اور تین صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ قومی اسمبلی کے 341 اراکین میں سے 340 نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جب کہ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدلااکبر چترالی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔این اے 75 ڈسکہ سے کوئی ممبر قومی اسمبلی میں نہیں ہے کیونکہ یہاں پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ انتخابات کااعلان کر رکھا ہے۔

اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ صوبوں کی نشستوں پر ارکان صوبائی اسمبلی نے ووٹ ڈالا۔ جبکہ اسلام آباد کی 2 نشستوں پر ارکان قومی اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا۔ اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، اب کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے، سینیٹ الیکشن کے نتائج کے مطابق سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی نے حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے، یوسف رضا گیلانی سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں