عمران صاحب کیوں جھوٹ بولتے ہیں ،پچاس لاکھ گھر عوام کو نمائش کی تصویروں میں دکھائے جا رہے ہیں ،مریم اورنگزیب

90دن میں کرپشن ختم ہونا تھی لیکن ملک میں عمران صاحب کرپشن کا سونامی کے آئے، عمران صاحب کو عوام کی فکر نہیں کیونکہ عمران صاحب نے الیکشن بیچنا ہوتا ہے لڑنا نہیں ہوتا،ترجمان مسلم لیگ (ن)

منگل 3 اگست 2021 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب کیوں جھوٹ بولتے ہیں ،یہ وقت بھی آنا تھا کہ پچاس لاکھ گھر عوام کو نمائش کی تصویروں میں دکھائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب 50 لاکھ گھر تو عوام کو دے نہ سکے، نمائش میں تصویریں دکھا کر کسے دھوکہ دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 90دن میں کرپشن ختم ہونا تھی لیکن ملک میں عمران صاحب کرپشن کا سونامی کے آئے،200 ارب ڈالر جنہوں نے باہر سے لانا تھا، انہوں نے ملک پر 16000 ارب کا قرض لاد دیا ،وزیراعظم ہاس کو یونیورسٹی بننا تھا، اب اس کے کمرے کرائے پر دینے کا اعلان ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نچلے طبقے کو "اوپر" پہنچانے کے لئے آٹا چینی بجلی پٹرول گیس کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، واہ عمران صاحب،نچلے طبقے کو "اوپر" لانے کے لئے 50 لاکھ لوگ بے روزگار کر دئیے، ملک میں بے روزگاری کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، نچلے طبقے کو اوپر لانے والے نے دو کروڑ لوگوں کو خط غربت سے نیچے پہنچا دیا ،نچلے طبقے کو اوپر کرنے کے لئے اے ٹی ایمز، مافیاز اور کارٹلز کو ان پر مسلط کردیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب کو عوام کی فکر نہیں کیونکہ عمران صاحب نے الیکشن بیچنا ہوتا ہے لڑنا نہیں ہوتا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں