معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطہ، تجارت اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے، وزیراعظم

اچھی سڑکوں کی وجہ سے گاڑیوں کی مرمت اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے اخراجات بھی کم ہو جا ئیں گے، عمران خان کا خطاب

بدھ 22 ستمبر 2021 22:24

معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطہ، تجارت اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطہ، تجارت اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرمواصلات مراد سید، وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، ڈپٹی چیرمین منصوبہ بندی کمیشن جہانزیب خان، چیرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سینئر افسران شریک ہوئے ۔

وفاقی وزیرمواصلات مراد سید نے اجلاس کو تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ پچھلی دور حکومت کے تین سالوں (16-2013) میں صرف 645 کلومیٹر کی سڑکیں تعمیر ہویئں اور موجودہ حکومت کے تین سالوں میں کل 1753 کلومیٹر لمبائی کی سڑکیں مکمل ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

منصوبہ بندی کے حوالے سے پچھلی دور حکومت کے تین سالوں میں صرف 858 کلو میٹر جبکہ موجودہ حکومت کے تین سالوں میں 6118 کلومیٹر لمبائی پر مشتمل سڑکوں کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔

اس مالی سال میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی 27 منصوبے مکمل کر لے گی۔ صوبہ بلوچستان میں 3000 کلومیٹر سے زیادہ کی سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں. وزیر اعظم کے خود انحصاری کے ویڑن کے مطابق منصوبے قرضوں کی بجائے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے مکمل کئے جارہے ہیںاجلاس کو راولپنڈی تا کھاریاں، میانوالی تا مظفرگڑھ اور حیدرآباد تا سکھر شہراہوں پر پیشرفت کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کے معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے۔انہوںنے کہاکہ معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطہ، تجارت اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ اچھی سڑکوں کی وجہ سے گاڑیوں کی مرمت اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے اخراجات بھی کم ہو جا ئں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مواصلات کے اہم اور بڑے منصوبوں پر روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت کا خود جا ئزہ لوں گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے لیے فنڈز کا اجرا یقینی بنایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں