ملک کا ماحول ٹھیک اور ساری چیزیں ہیں،وزیر داخلہ

بعض لوگ پاکستان کے حساس ترین ادارے کو متنازع بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، اگلے جمعے تک سارے مسئلے ٹھیک ہو جائیں گے، شیخ رشید احمد

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 16:52

ملک کا ماحول ٹھیک اور ساری چیزیں ہیں،وزیر داخلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک کا ماحول ٹھیک اور ساری چیزیں ہیں،بعض لوگ پاکستان کے حساس ترین ادارے کو متنازع بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، اگلے جمعے تک سارے مسئلے ٹھیک ہو جائیں گے،ہمارے عظیم ادارے کے بدخواہ اور جمہوریت جنہیں ایک آنکھ نہیں بھاتی وہ ناکام ہوں گے۔

ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ گزشتہ روز کہہ چکا ہوں کہ ملکی ماحول ٹھیک ہے، تمام معاملات حل ہیں اور جب بھی ایسا وقت آتا ہے تو بعض لوگ پاکستان کے حساس ترین ادارے جو متنازع بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگلے جمعہ تک تمام مسائل حل ہوجائیں گے اور عظیم اداروں کا برا چاہنے والے طرح طرح کی باتیں کرتے رہتے ہیں لیکن وہ ناکام ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مہنگائی کی لہر پوری دنیا میں چلی ہے اور عالمی سطح پر تیل، خوردنی تیل اور گندم کا بحران آیا ہے جس سے ہم بھی متاثر ہوئے ہیں، کوئی حکمراں نہیں چاہتا کہ مہنگائی ہو۔شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان میں امن و امان کے خواہاں ہیں اور اس کی ترقی، امن و استحکام کیلئے ہماری دعائیں ہیں، پاکستان کی خواہش ہے کہ عالمی برادری افغانستان کی تعمیر نو میں مدد کرے، ہم دنیا کے ساتھ بھی کھڑے ہیں اور یہ بھی سمجھتے ہیں کہ ہمیں طالبان حکومت کی انسانی بنیادوں پر مدد کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی کے تحت رواں سال 100 مساجد میں محافل میلاد کا انعقاد کیا جارہا ہے، کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی محفل میلاد میں وزیر اعظم عمران خان بھی خطاب کریں گے، راولپنڈی میں تاریخی جلوس نکلے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں