اسلام آباد ہائی کورٹ،سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف درخواست میں وفاقی حکومت اور پی ٹی اے سوشل میڈیا ماہرین کے نام عدالت میں جمع کروانے کا حکم

پیر 25 اکتوبر 2021 18:08

اسلام آباد۔25اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2021ء) :اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف درخواست میں وفاقی حکومت اور پی ٹی اے سوشل میڈیا ماہرین کے نام عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی اے  کی جانب سے عائد  کردہ  پابندی  کے  بارے  میں آئندہ سماعت پر مطمئن کریں۔

(جاری ہے)

پیر  کو  سماعت کے دوران عدالت نے کہاکہ پی ٹی اے نے رپورٹ داخل  کی لیکن عدالت نے جو ہدایت کی تھی اس کا جواب موجود نہیں،پی ٹی اے نے پشاور اور سندھ ہائی کورٹ میں بیان حلفی دیا  کہ ٹک ٹاک پر صرف ایک فیصد مواد قابل اعتراض ہوتا ہے، متوسط طبقہ اپنے ٹیلنٹ کو اجاگر کر کے اس پلیٹ فارم سے کمائی کر رہا ہے،عدالت نے   استفسار  کیا  کہ اس  پلیٹ فارم  پر پابندی عائد  کرتے ہوئے کیا کسی  ماہر  سے رائے لی گئی ؟،اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے،بادی النظر میں پلیٹ فارم کو بلاک کرنا آئین میں دئیے گئے حقوق کی خلاف ورزی ہے،کیوں نہ عدالت ٹک ٹاک کو کھولنے کا آرڈر دے؟ عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ کیس کی مزید سماعت 22  نومبر تک ملتوی کردی۔


اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں