سعودی عرب سے ملنے والی رقم امداد نہیں ہے، وزارت خزانہ نے واضح کردیا

سعودی عرب 3 ارب ڈالرپاکستان میں رکھےگا اور پاکستان سعودی عرب کوڈیپوزٹ کے بدلے 3.2 فیصد سالانہ ادا کرے گا۔ ترجمان وزارت خزانہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 اکتوبر 2021 13:52

سعودی عرب سے ملنے والی رقم امداد نہیں ہے، وزارت خزانہ نے واضح کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اکتوبر 2021ء) : ترجمان وزارت خزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے ملنے والے فنڈ سے متعلق وضاحت پیش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے یہ کوئی امداد نہیں ہے، سعودی عرب 3 ارب ڈالرپاکستان میں رکھے گا اور پاکستان سعودی عرب کوڈیپوزٹ کے بدلے 3.2 فیصد سالانہ ادا کرے گا۔

ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ریزرو 31 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے، جوکہتے ہیں ڈالر180 کا ہوجائے گا تو ایسا کچھ حکومت کے ذہن میں نہیں۔ ملک میں ڈالر کی بڑھتی قیمتوں کے حوالے سے ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ تجارتی خسارے کے باعث ملک میں ڈالرکے ریٹ اوپر جارہے تھے، اکتوبر میں تجارت کے نمبر بہت اچھے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دودھ کی قیمتوں کامسئلہ صوبائی ہے، وزیراعظم کے اختیارمیں ہے پیٹرولیم قیمتوں کاعوام پر کتنا بوجھ ڈالا جائے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب پاکستا ن کو 3 ارب ڈالر امدادی رقم اور1.2 ارب ڈالر مؤخر تیل کی ادائیگیوں کے لیے بھی فراہم کرے گا۔ سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دئے۔ سعودی فنڈ برائے ترقی نے اسٹیٹ بینک میں رقم جمع کروائی گئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے زرمبادلہ ذخائر کے استحکام کے لیے پاکستان کی مدد کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل بھی دے گا۔

سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ سعودی عرب، پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے پر ہمیشہ گامزن رہے گا۔ سعودی عرب کی جانے والی امداد سے متعلق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی ترقیاتی بینک 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کو دے گا اور تیل خریداری میں بھی مدد دی جائے گی۔ جبکہ وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ سعودی ترقیاتی فنڈ پاکستان کو موخر ادائیگیوں کی سہولت پر تیل فراہم کرے گا، پاکستان کو سالانہ 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل ملےگا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی امداد سے تجارت اور فاریکس اکاونٹس پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں