ماضی کے حکمرانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر سے تو پیار تھا لیکن وہ انھیں ووٹ کا حق دینے کے خلاف تھے،

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی پی ٹی آئی برطانیہ کے عہدیداران سے گفتگو

جمعرات 2 دسمبر 2021 16:01

ماضی کے حکمرانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر سے  تو پیار تھا   لیکن وہ انھیں ووٹ کا حق دینے کے خلاف تھے،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں کو اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر سے تو پیار تھا لیکن وہ انھیں ووٹ کا حق دینے کے خلاف تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی برطانیہ کے صدر عبد الستار رانا اورسینئر نائب صدر ملک عمران خلیل نے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے جمعرات کو وزیر مملکت سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل، بیرون ممالک میں پاکستانی مشنز کے کردار اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ٹی آئی برطانیہ کے عہدیداران نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر وزیراعظم عمران خان اور ان کی  ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ ماضی میں تمام حکومتوں کو اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات سے تو پیار تھا لیکن وہ انھیں ووٹ کا حق دینے کے خلاف تھے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ الیکشن سے قبل جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کردکھایا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے برطانیہ سمیت دنیا بھر میں قائم پاکستانی مشنز کو واضح ہدایات دے رکھی ہیں کہ پاکستانیوں کے مسائل کو فوری حل اور ہر ممکن سہولیات فراہم کریں، عبد الستار رانا نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ، اپنا گھر سکیم جیسے پروگرامز  کے اجراء پر پی ٹی آئی حکومت کے  شکر گزار ہیں۔

ملک عمران خلیل نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں دنیا بھر میں مقیم پاکستانی عمران خان کو ووٹ دیں گے، پی ٹی آئی برطانیہ کی قیادت نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کے اجرا کے لیے آٹو میشن نظام متعارف کرانے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاور آف اٹارنی کی آن لائن تصدیق اور اجرا سے ہزاروں سمندر پار پاکستانیوں کو فائدہ ہو گا،پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے ملک میں تبدیلی نہیں چاہتے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں