اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

مہنگائی، ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات سے متعلق حکومتی اقدامات پر مشاورت، پاکستان کی مالیاتی شہہ رگ آئی ایم ایف کے کنٹرول میں دے دی گئی، جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 2 دسمبر 2021 17:24

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 دسمبر2021ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف اور سربراہ پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے مہنگائی، ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات سے متعلق حکومتی اقدامات پر مشاورت کی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر، اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے قومی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے ملک میں مہنگائی کی بدترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

شہبازشریف اور مصطفیٰ کمال نے ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات سے متعلق بھی حکومتی اقدامات پر مشاورت کی۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ عوام کے مفاد میں جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا، حکومت چل نہیں رہی جبکہ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، تبدیلی سرکار نے عوام کا جینا تو درکنار مرنا بھی دشوار بنا دیا ہے، پاکستان کی مالیاتی شہہ رگ آئی ایم ایف کے کنٹرول میں دے دی گئی۔

سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عوام کے حق کیلئے عوام دوست قوتوں کے مل کر چلنے سے اتفاق کرتے ہیں، دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے جاری رکھنے اور قومی امور پر مل کر چلنے پر اتفاق کیا۔مزید برآں صدرن لیگ اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے منی بجٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ منی بجٹ لانے کے اعلان سے ثابت ہوگیا کہ قومی بجٹ کے موقع پر حکومت نے قوم اور کاروباری برادری سے جھوٹ بولا ،منی بجٹ لانے والے کہتے تھے کہ کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا، عمران نیازی نے ایک اور یوٹرن لیا ہے ،یہ منی بجٹ نہیں، معاشی تباہی، مہنگائی کا سیاہ طوفان ہے جو پاکستان کی معیشت، صنعت ، روزگار اجاڑ دے گا ،منی بجٹ قومی معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں