لانگ مارچ توڑ پھوڑکیس، عمران خان کی 2کیسز میں بریت کی درخواست منظور

اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے دو مقدمات میں عمران خان کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 19 مارچ 2024 13:36

لانگ مارچ توڑ پھوڑکیس، عمران خان کی 2کیسز میں بریت کی درخواست منظور
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 مارچ2024 ء) بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف لانگ مارچ میں دوران توڑ پھوڑکے 2کیسز میں بریت کی درخواست منظور کرلی گئی،اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے دو مقدمات میں عمران خان کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔عمران خان کے وکلا نعیم پنجوتھا، سردارمصروف اور آمنہ علی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے کی درخواست مسترد کردی اور کہا کہ اگر عمران خان کو عدالت لاتے ہوئے راستے میں کچھ ہوگیا توکون ذمہ دارہوگا؟عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس سے قبل بھی خود سے عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں، ہم ان کی موجودگی میں دلائل دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

مجسٹریٹ نے کہا کہ ضمانت پرحاضری ضروری ہوتی،درخواست پروڈکشن پرنہیں، پہلے بانی پی ٹی آئی کی درخواست بریت پربحث کرلیں۔

عدالت نے عمران خان کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے بریت کی درخواستوں کو منظور کرلیا۔قبل ازیں آج جب سماعت شروع ہوئی تو بانی پی ٹی آئی کے وکلاءسردار مصروف، آمنہ علی عدالت پیش ہوئے ، وکلا نے اپنے دلائل میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر تمام الزامات جھوٹے بے بنیاد ہیں، شریک ملزمان بری ہو چکے ہیں۔

سردار مصروف کا کہنا تھا کہ درج مقدمہ 144 پبلیکیشن ریکارڈ پر موجود ہی نہیں اور بانی پی ٹی کے خلاف ثبوت بھی موجود نہیں، 6 گواہان تو ہیں لیکن بیانات ہی نہیں ہیں، دو سال گزرنے کے باوجود ایک گواہ بھی بانی پی ٹی آئی کے خلاف عدالت پیش نہ ہوا تھا۔بانی پی ٹی آئی کی درخواست بریت پر وکیل نعیم پنجوتھا نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی پر تمام مقدمات میں صرف ایما کی حد تک ہیں ایک ہی دن میں متعدد مقدمات درج ہوئے،بانی پی ٹی آئی کا ایک ہی طرح کا کردار رکھادفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاگیا نہ بتایاگیامدعی ایس ایچ او ہے جس کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار نہیں،بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات میں گواہان کے بیانات بھی نہیں۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو بعد میں سناتے ہوئے عمران خان کے خلا ف لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے 2 کیسز میں ان کی بریت کی درخواست منظور کرلی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں