امریکی صدر جو بائیڈن کا وزیراعظم شہبازشریف کو خط ، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر نومنتخب حکومت کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار

جمعہ 29 مارچ 2024 17:08

امریکی صدر   جو بائیڈن کا   وزیراعظم شہبازشریف کو خط ، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے  پر نومنتخب حکومت کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط ارسال کیا ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر نومنتخب حکومت کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر نے خط میں کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے ، دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے کہا کہ صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لئے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے ، امریکہ پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لئے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے، پاکستان کے ساتھ مل کرانسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں، دونوں اقوام کے درمیان استوارمضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں