پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف 8ہزار میٹر سے بلند 14ویں چوٹی سر کرنے کیلئے پر عزم

جمعرات 18 اپریل 2024 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے ایک بار پھر 8ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنیوالے کم عمر ترین کوہ پیما بننے کے ریکارڈ پر نظریں جمالی ہیں ۔22 سالہ شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی 14 چوٹیوں میں سے 13 کو سر کرچکے ہیں اور اب ان کی نظریں آخری چوٹی پر ہیں لیکن 8034 میٹر بلند شیشاپنگما کو سر کرنے کیلئے شہروز چین سے اجازت نامے کے منتظر ہیں ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو میں شہروز کاشف نے بتایا کہ وہ اس وقت نیپال میں موجود ہیں جہاں وہ مختلف ٹریکس پر موسم سے ہم آہنگ ہوچکے ہیں، ان کے ساتھ پاکستان کے سرباز علی اور دیگر کوہ پیما بھی موجود ہیں جو شیشاپنگما کیلئے چینی اجازت نامے کے منتظر ہیں۔شہروز نے امید ظاہر کی ہے کہ بہت جلد اس حوالے سے اچھی خبر مل جائے گی۔واضح رہے کہ شیشاپنگما سر کرکے شہروز 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیمابن جائیں گے،گزشتہ برس شیشاپنگما پر حادثے کی وجہ سے شہروز کو اپنی مہم موخر کرنا پڑی تھی تاہم پاکستانی کوہ پیما اس سال سمٹ مکمل کرنے کیلئے پر امید ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں