تحریک انصاف کی پنجاب حکومت کی جانب سے کسانوں کے معاشی قتلِ عام اور زراعت کو ناقص پالیسیوں سیتباہ کرنے کی شدید مذمت

تحریک انصاف کسان کیساتھ کھڑی ہے جوکسی صورت کسان کی زندگی اورملکی معیشت تباہ کرنیکی اجازت نہیں دیگی، ترجمان تحریک انصاف

پیر 29 اپریل 2024 23:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب حکومت کے ہاتھوں کسانوں کے معاشی قتلِ عام اور ذراعت کو ناقص پالیسیوں کی بھینٹ چڑھا کر تباہ کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری میں تاخیر کے خلاف کسانوں کے احتجاج سمیت کسان بورڈ پنجاب کے سربراہ کی گرفتاری اور غیرقانونی چھاپوں کے ذریعے قیادت کو ہراساں کرنے کی بھی شدید مذمت کی ہے۔

بدترین معاشی پالیسیوں کا بوجھ کسان پر لادنے کی روش کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ گندم کی خریداری سے متعلق نااہل اور نالائق حکومت کی ناقص پالیسوں کے باعث کسان اوپن مارکیٹ میں سرکاری نرخ سے کہیں کم پر گندم بیچنے پر مجبور ہے،انہوں نے کہا کہ کسان کو امدادی قیمت سے بیس پچیس فیصد کم نرخوں پر گندم کی فروخت کے امکانات سے دیہی معیشت خصوصاً کسان کو اربوں روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے اوراکتوبر میں حکومت کی جانب سے ضرورت سے زائد 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا خمیازہ آج کسانوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ حکومت وضاحت پیش کرے کہ بلاضرورت انتہائی مہنگے داموں درآمد کی گئی گندم کے پیچھے کیا حکمت عملی کارفرما تھی اور اس کے کیا مثبت اثرات سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ امدادی قیمت سے نہایت کم نرخوں پر گندم کی فروخت اور حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری میں تاخیر جیسی بدانتظامیوں کا براہِ راست اثر مہنگے آٹے کی صورت عوام پر مرتب ہو گا۔

پی ٹی آئی ترجمان نے یاد دلایا کہ عمران خان کی حکومت نے ملکی معیشت کو اپنے پیر پر کھڑا کرنے کیلئے کسان کی معیشت سنوارنے اور اسے اس کی محنت کا بہتر صلہ دینے کی قابلِ تحسین پالیسی اپنائی،انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دوران ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسان کو معقول، بروقت ادائیگیاں کروائی گئیں اور کسان کی خوشحالی کیلئے مجموعی طور پر 11 سو ارب روپے دیہی معیشت میں شامل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی خیبر پختونخوا حکومت نے عمران خان کی کسان دوست پالیسی کے تحت کسانوں کے استحصال کو روکنے کیلئے 3900 کے نرخ پر گندم کی خریداری کا لائحہ عمل مرتب کیا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر اقتدار میں بٹھائے جانے والے اب کسان کی جیب اس کے بچوں کے مستقبل اور پاکستان کی ذراعت پر کھلا ڈاکہ ڈالنے کی راہ پر گامزن ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا پنجاب حکومت کسان کا معاشی قتلِ عام ترک کر کے کسانوں کے مطالبات تسلیم کرے اور کسان کو فوراً اس کا جائز حق فراہم کیا جائے اور نگران دورِ حکومت میں مقامی گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باوجود اربوں روپوں کی گندم درآمد کرنے والے ذمہ داران کو بھی کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور ان سے جواب طلب کیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں