اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مقبوضہ جموںوکشمیرکی ابتر صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل

جمعرات 2 مئی 2024 16:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کو عالمی ادارے کی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے انتونیو گوتریس کے نام خط میں لکھا کہ’’مودی حکومت اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ خطے میں جموںوکشمیر میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد کرا کے علاقے کی اصل صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ بھارت انتخابات کے ذریعے دنیا کو یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ اس نے کشمیریوں کو جمہوری سمیت تمام بنیادی حقوق دے رکھے ہیں ۔

محمود احمد ساغر نے لکھا کہ کشمیریوں نے گزشتہ مرتبہ بھی مقبوضہ علاقے میں رچائے جانے والے نام نہاد انتخابی ڈرامے کا بائیکاٹ کیا تھا جبکہ عالمی برادری نے لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں منعقد کیے جانے والے ان انتخابات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیا تھا۔انہوںنے خط میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی آزادیوں اور شہری حقوق کی معطلی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ مودی کی نسل پرست بھارتی حکومت کی طرف سے اگست 2019میں خطے کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے تنقیدی آوازوں اور اختلاف رائے کو طاقت کے بل پر خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے محمود احمد ساغر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جموںوکشمیر میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کیلئے اپنے کردار ادا کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں