وزیراطلاعات سے چینی سفیر کی ملاقات ، ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق

جمعرات 9 مئی 2024 22:17

وزیراطلاعات سے چینی سفیر کی ملاقات ، ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ڑائی ڈانگ نے ملاقات کی ہے ،دونوں رہنمائوں کے درمیان پاک چین تعلقات، سی پیک، پاکستانی معیشت کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی،وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا بھر کی نظریں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین پر جمی ہیں، شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا،دورہ کے دوران نئے منصوبوں پر تبادلہ خیال اور سی پیک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی گفتگو ہوگی، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی، اعتماد اور باہمی احترام کی بنیادوں پر تعلقات استوار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات جامع سٹریٹجک شراکت داری کی شکل اختیار کر چکے ہیں،چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم منصوبہ ہے،چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے،سی پیک کی بدولت چینی مصنوعات کی پاکستان اور پاکستانی مصنوعات کی چین کی مارکیٹوں تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں کئی بڑے منصوبوں کی تکمیل میں چینی تعاون قابل رشک ہے،وفاقی وزیر اطلاعات نے چینی سفیر کو حکومت کے معاشی اقدامات اور سعودی عرب و ایران کے اعلیٰ سطحی وفود کے دوروں سے متعلق بھی آگاہ کیااور کہا کہ حکومت کے اقتدار میں آتے ہی معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں،عالمی جریدے بھی پاکستانی معیشت میں بہتری کی پیشنگوئی کر رہے ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات نے چینی سفیر کو پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا،وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین کے دوران چین کی نیوز ایجنسی ’’شنہوا‘‘ اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے درمیان خبروں کے تبادلے کے معاہدے پر بھی دستخط ہوں گے، دونوں فریقوں نے ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا،ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چینی سفیر نے حکومت کے معاشی اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں