وزیراعظم کے اقدامات سے دشمن کی سازش ناکام ہوگئی، عطا تارڑ

منگل 14 مئی 2024 14:44

وزیراعظم کے اقدامات سے دشمن کی سازش ناکام ہوگئی، عطا تارڑ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے اقدامات سے دشمن کی سازش ناکام ہوگئی،تحریک انتشار یہ سوچ رکھتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح انتشار پھیلے، ماضی کی نااہل حکومت اور ہماری حکومت میں زمین آسمان کا فرق ہے، ہماری حکومت کا کام زخموں پر مرہم رکھنا ہے، ہم پاکستان کی ترقی کی خاطر ہر قدم اٹھائیں گے اور ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آزاد کشمیر میں انتشار پھیلانے والوں کو معافی مانگنی چاہیے،کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کسی کو اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے اور سازش کرنے والوں کو ناکام بنائیں گے۔

وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ تحریک انتشار یہ سوچ رکھتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح انتشار پھیلے، ماضی کی نااہل حکومت اور ہماری حکومت میں زمین آسمان کا فرق ہے، ہماری حکومت کا کام زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بروقت نوٹس نے ہمیں ایک سانحے سے بچالیا، جس کی وجہ سے دشمن کی سازش ناکام ہوگئی، گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بلا امتیاز طور پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلایا، اس موقع پر وفاق کے اعلی عہدیداران اور اتحادی جماعتوں کے نمائندگان موجود تھے جن کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر میں مظاہرین کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے گئے، میں سمجھتا ہوں یہ بہت بڑا دن ہے اور حکومت کی کامیابی ہے کہ کسی بڑے نقصان کے بغیر آزاد کمشیر میں ہڑتال ختم ہوئی اور مظاہرین منتشر ہوگئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ یہی وہ فیصلہ سازی ہے جو حکومتوں کو کرنی چاہیے، ماضی کی حکومتیں ایسا نہیں کرتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں اس نوعیت کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہیں، ہزارہ کمیونٹی کی مثال ہمارے سامنے ہے کہ وہ لاشیں رکھ کر بیٹھے رہے لیکن وزیراعظم بضد تھے کہ وہاں نہیں جائیں گے، یہی وہ فرق ہے نااہل حکومت اور عوام کی منتخب حکومت میں کہ اب گھنٹوں میں معاملات حل ہو جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مہنگائی میں کمی، اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی بہتر ہورہی ہے، بین الاقوامی وفود آرہے ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کی بات کررہے ہیں تو یہ باتیں ملک دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہورہیں اور وہ گھر کے اندر سازش کرتے ہیں جو ناکام ہوگئی ہیں۔ جیل سے باتیں کرنے والے کو اپنی کرپشن کا جواب دینا چاہیے، آپ قیدی ہیں، سزا یافتہ ملزم ہیں تو آپ کے قول، خط اور فعل کسی کی وقعت نہیں، آپ نے آئی ایم ایف اور دیگر معاملات میں ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی کی خاطر ہر قدم اٹھائیں گے اور ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آزاد کشمیر میں انتشار پھیلانے والوں کو معافی مانگنی چاہیے۔عطا تارڑ نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کسی کو اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے اور سازش کرنے والوں کو ناکام بنائیں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ جنہوں نے یہ سازش کی وہ چاہتے تھے کہ مظاہرے ہوں گے تو لاشیں گریں گی لیکن وہ بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں