وفاقی وزیر روشن خورشید بروچا سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کی ملاقات ،

مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر گفتگو وفاقی وزیرکی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت بھارت معصوم کشمیریوں پر ظلم وتشد دکے تمام ریکارڈ توڑ رہا ہے مقبوضہ کشمیر کا ایک ایک فرد عزم اور ہمت کا علمبردار ہے ، بھارت اپنے ستر سالہ اوچھے ہتھکنڈوں اورپرُ تشدد کاروائیوںکے باوجود حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتا،مسز روشن خورشید بروچا

منگل 17 جولائی 2018 17:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے منگل کو اسلا م آباد میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچا سے ملاقات کی ۔ ملاقات میںمقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال اور بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی شدیدخلاف ورزی سے متعلق تفصیلاً گفتگو کی گئی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت معصوم کشمیریوں پر ظلم وتشد دکے تمام ریکارڈ توڑ رہا ہے اور ایک مذموم اور منظم منصوبے کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ قابض بھارتی فوج پیلٹ گن کے استعمال سے معصوم کشمیری بچوں کی آنکھوں کو چھلنی کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کا ایک ایک فرد عزم اور ہمت کا علمبردار ہے اور بھارت اپنے ستر سالہ اوچھے ہتھکنڈوں اورپرُ تشدد کاروائیوںکے باوجود حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتا۔ملاقات میں حریت کانفرنس کے وفد نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوج کی پرُ تشدد کاروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشی اور غیر ریاستی باشندوں کو مقبوضہ کشمیر میںبسانے کے ذریعے کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی ناپاک کوششیں کررہا ہے ۔

وفد نے بتایا کہ حق خود ارادیت کی اس جدوجہد میں لاکھوں کشمیری شہید اور ہزاروں کی تعداد میں عورتیں بیوہ ہو چکی ہیں ۔ وفد کے شرکاء نے کہا کہ اوچھے اور ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود قابض بھارتی فوج کشمیریوں کے عزم کو نہیں ہلا سکی اور اب بھارتی فوج اور حکومت حق خودارادیت کی جدوجہد کو کمزور کرنے کے لیے سید گیلانی ،یسین ملک اور مسرت عالم جیسے درجنوں کشمیری رہنمائوں کو قیدکر رکھا ہے اور یہاں تک کہ دختر ان ملت محترمہ آسیہ اندرابی جیسی خواتین سے بھی اس قدر خوف زدہ ہو چکا ہے کہ اُن کو بھی بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر جیل میں بند کررکھا ہے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے حالات سے متعلق حالیہ رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر کے حالات کوپوری دُنیا پر واضح کر دیا ہے جس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھارت کا بدنما چہرہ پوری دُنیا پر بے نقاب ہو چکا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اس رپورٹ کے کو بنیاد بنا کر مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق عالمی رائے عامہ کو احسن انداز سے ہموار کیا جاسکتا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کی روشنی میں پاکستان ایک محترک سفارت کاری پر گامزن ہے اور دُنیا کے ہر فورم پر اس رپورٹ کی روشنی میں بھارت کا بدنما چہرہ بے نقاب کیا جارہا ہے ۔اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کے شرکاء نے مسئلہ کشمیر کے جلد حل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کی فوری روک تھام کے لیے وفاقی وزیر کو چند تجاویز بھی پیش کیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان تجاویز کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے اقدامات کو اور بھی موثربنایا جائے گا اور کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان کشمیریوں کی تمام تر سیاسی ،اخلاقی سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد میں سید فیض نقشبندی ،میر طاہر مسعود،عبدالحمید لون،حسن بنا،امتیاز اقبال وانی،سید عبداللہ گیلانی،عدیل وانی اور فواد حسین خطیب نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں