اسلام آباد،کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ اور سرکل رجسٹرار آفس کے اہلکاروں نے جموں و کشیر کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں دھاندلی کا منصوبہ تیار

سیکرٹری خزانہ سردار سبیل نے اپنے نامزد گروپ کو کامیاب کروانے کے لئے مبینہ طور پر کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں میں 3کروڑ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کردی ،زرائع

جمعہ 13 جولائی 2018 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2018ء) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ کی عام انتخابات میں مصروفیات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ اور سرکل رجسٹرار آفس کے اہلکاروں نے جموں وکشمیر کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں دھاندلی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ وزارت داخلہ کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری خزانہ سردار سبیل نے اپنے نامزد گروپ کو کامیاب کروانے کے لئے مبینہ طور پر کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں میں 3کروڑ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات میں بھی دھاندلی کے لئے کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ کی کالی بھیڑوں نے حامی بھر لی ہے۔ جموں و کشمیر کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں اپنے من پسند گروپ کو کامیاب کروانے کے لئے وزارت داخلہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری خزانہ سردار سبیل سرگرم ہیں اور گزشتہ چند روز میں انہیں متعدد بار سرکل رجسٹرار آفس کے اہلکاروں اور کو اپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں سے خفیہ ملاقاتیں کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جموں و کشمیر کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے اہلکاروں میں یہ بے چینی اس لئے پیدا ہوئی کیونکہ سردار سبیل پر پہلے بھی الزام ہے کہ اس نے کروڑوں روپے کو آپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں تقسیم کر کے یہ الیکشن جیتا تھا اور خلاف توقع اس الیکشن میں سابق آئی جی اسلام آباد طاہر عالم کو بڑے مارجن سے ہرا دیا گیا تھا۔ سردار سبیل کو آپریٹوز ڈیپارٹمنٹ سرکل رجسٹرار آفس کے اہلکاروں کو ساتھ ملا کر الیکشن جیتنے کا گرو سمجھا جاتا ہے اور وزارت داخلہ کے حکم پر وزارت داخلہ کوآپریٹو سوسائٹی میں ہونیوالی کرپشن کی تحقیقات ایف آئی اے کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر ہاؤسنگ سوسائٹی کے سینئر ممبران نے سردار سبیل کی مداخلت اور کو آپریٹوز ڈیپارٹمنٹ کی بد نیتی کے خلاف چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو باضابطہ درخواست بھی دینے کا فیصلہ کیاہے۔ سینئر ممبران کا خیال ہے کہ ضلعی انتظامیہ چونکہ عام انتخابات کے انعقاد اور سکیورٹی میں مصروف ہے اس لئے سردار سبیل اپنے مخصوص ایجنڈے کے تحت کام کر کے نتائج تبدل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں