سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کیلئے چار امیدوار آمنے سامنے

تمام امیدوار وں کے کاغذات کو جانچ پڑتال کے بعد درست قراردیدیا گیا

منگل 14 اگست 2018 19:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کیلئے مجموعی طور پر چار امیدوار میدان میں آگئے ہیں،تمام امیدوار وں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں درست قراردیدیا گیا ہے۔سپیکر کے عہدے کیلئے تحریک انصاف کے اسد قیصر اور پیپلز پارٹی کے سید خورشید شاہ کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ ڈپٹی سپیکر کیلئے تحریک انصاف کے قاسم سوری اور اپوزیشن کی جانب سے اسد محمود میدان میں ہیں ۔

سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ شماری سے ہوگا ،پہلے مرحلے میں سپیکر کا انتخاب ہوگا ،انتخاب قومی اسمبلی کے قاعدہ نو باب تین کے تحت ہوگا ۔اجلاس کی صدارت موجودہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کرینگے ۔اجلاس شروع ہونے کے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہوجائے گا ،کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہوگی ،ہر ووٹر کو بیلٹ پیپر سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے جاری ہوگا ،امیدوار اپنے دو دو پولنگ ایجنٹوں کے نام سپیکر کو دے سکیں گے،ووٹرز لسٹ کے مطابق جب تمام ووٹرز ووٹ ڈال لینگے تو سپیکر ووٹنگ ختم ہونے کا اعلان کرینگے ،امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی جس کے بعد سپیکر سب کے سامنے نتیجے کا اعلان کرینگے۔

(جاری ہے)

نتائج کے اعلان کے بعد سبکدوش ہونیوالے سپیکر کامیاب ہونیوالے سپیکر سے حلف لینگے ۔ نیا سپیکر اسی طریقہ کار کے تحت ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کروائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں