ملک میں پہلی مرتبہ پن بجلی کی پیداوار ساڑھے سات ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گئی، ترجمان واپڈا

منگل 18 ستمبر 2018 18:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) واپڈا پن بجلی گھروں سے گزشتہ دو روز میں پیک آورز کے دوران بجلی کی ریکارڈ پیداوار ہوئی اور ملک میں پہلی مرتبہ پن بجلی کی پیداوار ساڑھے سات ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گئی۔ ترجمان واپڈا کی طرف سے جاری کردہ بجلی کی پیداوار کے اعدادوشمار کے مطابق 16 ستمبر کو واپڈا پن بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار سات ہزار 571 جبکہ 17 ستمبر کو سات ہزار 513 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔

پن بجلی کی یہ پیداوار گزشتہ سال کی نسبت تقریباً ایک ہزار میگاواٹ زیادہ ہے۔ پن بجلی کی پیداوار میں یہ اضافہ تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کے آغاز کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج اور دریائے نیلم میں پانی کی دستیابی کے باعث اس وقت تر بیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے دو یونٹ اور نیلم جہلم پراجیکٹ کا ایک یونٹ قومی گرڈ کو بجلی فراہم کررہا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پیک آورز کے دوران پن بجلی کی پیداوار کی تفصیلات کے مطابق تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے تین ہزار 461 میگاواٹ ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے 770 میگاواٹ ، غازی بروتھا سے ایک ہزار 450 میگاواٹ ، منگلا سے 920 میگاواٹ ، وارسک سے 185 میگاواٹ ، نیلم جہلم سے 243 میگاواٹ جبکہ دیگر پن بجلی گھروں سے 484 میگاواٹ بجلی قومی نظام کو مہیا کی گئی۔

واپڈا کے 19 پن بجلی گھر ہیں جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت چھ ہزار 902میگاواٹ ہے۔ مذکورہ 19 پن بجلی گھروں کے علاوہ واپڈا نے 2018ء میں تین مزید پن بجلی منصوبوں کو مکمل کیا ہے۔ 2 ہزار 487 میگاواٹ مجموعی صلاحیت کے ان تین منصوبوں میں تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ ، نیلم جہلم اور گولن گول شامل ہیں۔ یہ تینوں منصوبے ڈیفیکٹ لائی ایبلیٹی پیریڈ میں ہیں اور سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر کے تحت بجلی پیدا کررہے ہیں جبکہ ان منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی قومی نظام میں شامل ہورہی ہے۔

ہائیڈل پاور سستی ترین اور ماحول دوست بجلی ہے۔ واپڈا ہرسال اوسطاً تقریباً31ارب یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرتا ہے۔ پن بجلی کی پیداوار صارفین کے لئے بجلی کے مجموعی نرخ کو کم رکھنے میں اہم ترین کردار ادا کرتی ہے کیونکہ دوسرے تمام ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی مہنگی ہوتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں